فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے بغداد الجدید کیمپس میں ہیٹ سیفٹی آگاہی ورکشاپ کا انعقاد
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق موسمیاتی تبدیلی سے متعلق عوامی آگاہی اور اکیڈیمیا و حکومتی اور نجی اداروں کے مابین باہمی روابط کو مضبوط کرنے کے لیے فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے بغداد الجدید کیمپس میں ہیٹ سیفٹی آگاہی ورکشاپ منعقد ہوئی ۔ مہمان خصوصی کمشنر بہاول پور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث خطے کو شدید موسمی حالات اور دیگر ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے ۔ انہی عوامل کے نتیجے میں گزشتہ برس آنے والے سپر فلڈ نے صوبے کو بہت زیادہ متاثر کیا ۔ بہاولپور صحرائی خطہ ہونے کے باعث خشک سالی کا شکار رہتا ہے ۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کی روشنی میں مختلف اداروں اور اکیڈیمیا کا رابطہ حوصلہ افزاء ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور علاقے کی بڑی یونیورسٹی ہونے کے ناطے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تحقیق اور آگاہی پھیلانے میں اہم کردار کی حامل ہے ۔ انہوں نے ورکشاپ کے انعقاد میں خصوصی تعاون پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران اور فیکلٹی ممبران و محققین کا شکریہ ادا کیا۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور سید حسن رضا نے کہا کہ ہیٹ ویو سے متعلق عوام الناس میں آگاہی کے لیے خصوصی مہم جاری ہے اور موثر حکومتی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا تعاون اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ورکشاپ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین ترابی ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے محققین نیچرل و اپلائیڈ سائنسز اور سوشل سائنسز میں تحقیق و آگاہی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے ورکشاپ کے انعقاد میں تعاون پر ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ ورکشاپ سے بین الاقوامی ماہرین پروفیسر ڈاکٹر رتن لال اوہایو اسٹیٹ یونیورسٹی امریکا اور چائینیز پروفیسر ڈاکٹر شوکیانگ کانگ یانگزی یونیورسٹی ووہان نے آن لائن خطاب کیا۔