یو ایچ ایس میں عوام اور ہسپتالوں کیلئے جدید کلینیکل لیبارٹری سروسز کا آغاز……خواجہ سلمان رفیق نے افتتاح کر دیا، 178 سے زائد معمول اور خصوصی تشخیصی ٹیسٹ ایک ہی چھت تلے دستیاب
صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے منگل کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) میں جدید کلینیکل لیبارٹری سروسز کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور، پرو وائس چانسلر پروفیسر نادیہ نسیم، ملحقہ میڈیکل کالجوں کے پرنسپلز، سینئر اساتذہ اور شعبہ صحت سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ جدید تشخیصی سہولتوں کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایچ ایس کی یہ لیبارٹری عوام کو معیاری، مستند اور کم لاگت طبی ٹیسٹ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پنجاب میں صحت کی سہولتوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ متوسط طبقے کیلئے معیاری لیبارٹری سروسز کا آغاز خوش آئند ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ یو ایچ ایس کی کلینیکل لیبارٹری سروسز عوام، ہسپتالوں اور طبی اداروں کیلئے ایک جدید تشخیصی مرکز ہے جسے یونیورسٹی کی چھ جدید شعبہ جاتی لیبارٹریوں کی معاونت حاصل ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں 178 سے زائد معمول اور خصوصی تشخیصی ٹیسٹ دستیاب ہوں گے جن میں مالیکیولر اور جینیاتی ٹیسٹ، فلو سائٹومیٹری، امیونو ہسٹوکیمسٹری، کینسر سے متعلق ٹیسٹ، ہارمون پروفائل اور دیگر جدید تشخیصی سہولتیں شامل ہیں۔ تمام ٹیسٹ مناسب اور منظور شدہ فیس پر فراہم کیے جائیں گے۔