قومی خبریںکالمز

ایچ ای سی نے وسطی ایشیائی اور دوست ممالک کے طلبہ سے علامہ محمد اقبال سکالرشپ پروگرام کے تحت چار سالہ بی ایس ڈگری پروگرام میں داخلوں کے لیے درخواستیں طلب کر لیں…….درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 اگست 2026ء مقرر کی گئی ہے

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے وسطی ایشیائی اور دوست ممالک کے طلبہ کے لیے علامہ محمد اقبال سکالرشپ پروگرام کے تحت پاکستان میں مکمل مالی معاونت کے ساتھ چار سالہ بی ایس ڈگری پروگرام میں داخلوں کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ یہ سکالرشپ پاکستان کی اعلیٰ جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند بین الاقوامی طلبہ کو فراہم کی جائے گی۔

ایچ ای سی کے مطابق سکالرشپ کے تحت انجینئرنگ و ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی، معاون طبی علوم، کاروبار و معاشیات، زراعت، سماجی علوم، غذائی تحفظ، بین الاقوامی تعلقات، ذرائع ابلاغ اور زبانوں سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم کے مواقع دستیاب ہوں گے۔ سکالرشپ میں ٹیوشن فیس، رہائش، ماہانہ وظیفہ، ڈگری پروگرام کے دوران ایک مرتبہ آمد و رفت کے ہوائی سفر کے اخراجات اور ابتدائی آبادکاری کے لیے خصوصی مالی معاونت شامل ہے۔

اہلیت کے مطابق امیدواروں کے لیے اے لیول یا مساوی تعلیمی قابلیت میں کم از کم 60 فیصد نمبر (انجینئرنگ پروگراموں کے لیے 65 فیصد) لازمی ہیں جبکہ منتخب امیدواروں کو پاکستان پہنچنے کے بعد انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز (آئی بی سی سی) سے مساواتی سند بھی حاصل کرنا ہوگی۔ ایچ ای سی نے بتایا ہے کہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 اگست 2026ء مقرر کی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *