ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر کا ایئر یونیورسٹی کا پہلا سرکاری دورہ، اعلیٰ تعلیم میں تحقیق، جدت اور صنعتی اشتراک پر زور
اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین اور ایئر یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے منصب سنبھالنے کے بعد ایئر یونیورسٹی کا اپنا پہلا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہیں یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی اور اسٹریٹجک سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
یونیورسٹی آمد پر وائس چانسلر ایئر مارشل عبدالمعید خان (ریٹائرڈ)، رجسٹرار اور دیگر سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران چیئرمین ایچ ای سی نے مختلف تعلیمی و تحقیقی شعبوں کا جائزہ لیا اور ادارے کی جاری ترقیاتی منصوبہ بندی سے آگاہی حاصل کی۔ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے نیشنل سائبر سکیورٹی اکیڈمی (NCSA) کا خصوصی دورہ بھی کیا، جہاں انہیں سائبر سکیورٹی کے شعبے میں جاری تدریسی پروگراموں، تحقیقی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے قومی سطح پر سائبر سکیورٹی کے فروغ میں اکیڈمی کے کردار کو اہم قرار دیا۔

بعد ازاں یونیورسٹی کی قیادت اور فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانے کے لیے معیاری تعلیم، تحقیق، اختراع (Innovation) اور صنعت و جامعات کے مابین مضبوط روابط ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو ایسے گریجویٹس تیار کرنے چاہییں جو نہ صرف ملکی ضروریات پوری کریں بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔
