سندھ اور بلوچستان کے ممتاز محققین کے اعزاز میں تقریب، تحقیق اور جدت کے فروغ کے عزم کا اعادہ……تقریب میں گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی، صوبائی وزیر سردار محمد اسماعیل راہو، چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر، محققین اور شعبہ تعلیم سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی
کراچی: ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام سندھ اور بلوچستان کے ممتاز محققین کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب نید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں دنیا کے ٹاپ 2 فیصد سائنسدانوں کی فہرست میں شامل پاکستانی محققین اور نیشنل ریسرچ پروگرام فار یونیورسٹیز (NRPU) 2025-26 کے تحقیقی گرانٹس حاصل کرنے والے اساتذہ و محققین کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔تقریب میں گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی، صوبائی وزیر سردار محمد اسماعیل راہو، چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر، وزیراعظم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فہد شفیق، معروف سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمٰن، وائس چانسلرز، محققین اور شعبہ تعلیم سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔مقررین نے اعزاز حاصل کرنے والے محققین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی علمی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے تحقیق، جدت، مصنوعی ذہانت (AI) اور اعلیٰ تعلیم میں مسلسل سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔
ایچ ای سی نے اس موقع پر تحقیق میں اعلیٰ معیار، تحقیقی نتائج کو عملی و تجارتی سطح پر لانے اور مؤثر جدت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایچ ای سی کے مطابق ملک بھر کی جامعات اور محققین کی معاونت کے لیے اسٹریٹجک اقدامات اور مسلسل تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ پاکستان میں تحقیق و ترقی کے شعبے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔