پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2026-27 کے سیزن کے لیے مینز ڈومیسٹک کرکٹ کیلنڈر جاری کر دیا ہے، جس کا آغاز 11 اگست 2026 سے ہوگا اور یہ سیزن 15 جون 2027 تک جاری رہے گا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2026-27 کے سیزن کے لیے مینز ڈومیسٹک کرکٹ کیلنڈر جاری کر دیا ہے، جس کا آغاز 11 اگست 2026 سے ہوگا اور یہ سیزن 15 جون 2027 تک جاری رہے گا۔ نئے کیلنڈر میں فرسٹ کلاس کرکٹ کے ڈھانچے کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ دو لسٹ اے مقابلے اور اسکول کرکٹ پروگرام کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔پی سی بی کے مطابق ڈومیسٹک سیزن میں دو لسٹ اے ٹورنامنٹس، تین فرسٹ کلاس مقابلے، دو نان فرسٹ کلاس تین روزہ ایونٹس، دو ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس جبکہ قومی انڈر 19، انڈر 17 اور انڈر 15 مقابلے شامل ہوں گے۔
ملک بھر میں ڈسٹرکٹ لیگز، انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹس اور 100 اضلاع میں اسکول کرکٹ کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔پی سی بی نے بتایا کہ نئے ڈومیسٹک کیلنڈر کا مقصد ملک بھر میں قومی، ڈومیسٹک، ایمرجنگ، عمر کے مختلف گروپس اور مستقبل کے باصلاحیت کرکٹرز کی ترقی اور تیاری کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے دو سطحی فارمیٹ متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت ملک کے مختلف ریجنز کی ٹیموں کو بہتر کارکردگی کی صورت میں ترقی کے مواقع بھی حاصل ہوں گے۔ PCB کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات پاکستان کی 2027 ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔