قومی خبریں

وفاقی حکومت کی ہدایت پر عملدرآمد کا آغاز، ایچ ای سی نے تمام جامعات کو نصاب اور ڈگری پروگرام مصنوعی ذہانت اے آئی  کے مطابق فوری طور پر ازسرِنو تشکیل دینے کی ہدایت کر دی……یو ای ٹی لاہور میں پنجاب کی 80 سے زائد سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز کا اہم اجلاس

 وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ملک بھر کی جامعات کے نصاب، ڈگری پروگراموں اور تدریسی نظام کو مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں پنجاب کی 80 سے زائد سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز کا ایک اہم انٹرایکٹو اجلاس منعقد ہوا، جس میں اعلیٰ تعلیم کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے، نصاب میں اصلاحات اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس کی صدارت چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کی جبکہ یو ای ٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر میزبان تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ اجلاس میں پنجاب بھر کی سرکاری اور نجی جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی اور مصنوعی ذہانت، نصاب کی جدید تشکیل، ڈیجیٹل تعلیم، تحقیق، اختراع اور مستقبل کی افرادی قوت کی تیاری سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مصنوعی ذہانت اعلیٰ تعلیم، صنعت اور معیشت کے تمام شعبوں میں بنیادی تبدیلیاں لا رہی ہے، اس لیے جامعات کو روایتی تدریسی نظام سے آگے بڑھتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق تمام جامعات اپنے نصاب، ڈگری پروگراموں اور تدریسی نظام کا فوری جائزہ لیں اور انہیں مستقبل کی ضروریات کے مطابق جدید خطوط پر استوار کریں تاکہ پاکستانی گریجویٹس عالمی سطح پر مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ جامعات صرف روایتی ڈگریاں دینے تک محدود نہ رہیں بلکہ صنعت، کاروبار اور مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے گریجویٹس تیار کریں جو عملی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نصاب میں مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس، روبوٹکس، سائبر سیکیورٹی، بائیوٹیکنالوجی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، اختراع اور انٹرپرینیورشپ کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے تاکہ طلبہ میں تخلیقی سوچ، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت اور جدید مہارتیں پیدا کی جا سکیں۔

میزبان وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یو ای ٹی لاہور مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور جدید تحقیق کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں مصنوعی ذہانت سے متعلق جدید ڈگری پروگرامز، کورسز اور تحقیقی سرگرمیوں کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی لاہور اس شعبے میں تیار کردہ اپنا نصاب، کورس ورک، تدریسی مواد اور تجربات دیگر جامعات کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے تاکہ ملک بھر میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *