پاکستان کا عالمی اعزاز برقرار، 98 طلبہ کو ایرسمس منڈس ماسٹرز اسکالرشپس حاصل……..اس شاندار کامیابی کے ساتھ پاکستان مسلسل پانچویں سال دنیا بھر میں ایرسمس منڈس اسکالرشپس حاصل کرنے والا سب سے نمایاں ملک بن گیا

0
765929110_1392431989726138_6559564977910092892_n

اسلام آباد: پاکستان نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی تعلیمی برتری کا ثبوت دیتے ہوئے 98 باصلاحیت طلبہ کو دنیا کی ممتاز ایرسمس منڈس جوائنٹ ماسٹرز اسکالرشپس کے لیے منتخب کروا لیا ہے۔

اس شاندار کامیابی کے ساتھ پاکستان مسلسل پانچویں سال دنیا بھر میں ایرسمس منڈس اسکالرشپس حاصل کرنے والا سب سے نمایاں ملک بن گیا ہے، جو پاکستانی طلبہ کی صلاحیت، محنت اور عالمی معیار پر مسابقت کی عکاسی کرتا ہے۔اس اہم کامیابی کا جشن اسلام آباد میں منعقدہ ایرسمس ڈپارچر لاؤنج تقریب میں منایا گیا، جہاں ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے یورپی یونین کے وفد کے اشتراک سے منتخب اسکالرز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی تعلیمی مواقع بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب کی میزبانی پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے کی، جس میں یورپی یونین کے رکن ممالک کے سفیروں اور نمائندوں، ایرسمس منڈس کے سابق اسکالرز، ماہرین تعلیم اور منتخب طلبہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر کلاس آف 2026 کی کامیابی اور پروگرام میں پاکستان کی مسلسل نمایاں کارکردگی کو سراہا گیا۔

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا کے انتہائی مسابقتی بین الاقوامی اسکالرشپ پروگرام میں کامیابی حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ نئی سوچ اپنائیں، عالمی روابط قائم کریں اور یورپ کی معروف جامعات میں دستیاب تعلیمی و ثقافتی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

You may have missed