قومی خبریں

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر کا چین کا دورہ…… سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر چین۔پاکستان نالج کوریڈور کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ

ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے بیجنگ میں چائنا ایسوسی ایشن آف ہائر ایجوکیشن (CAHE) سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ تعلیم، تحقیق، جدت (Innovation) اور علمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر دونوں فریقین نے اعلیٰ تعلیم کے ذریعے چین۔پاکستان نالج کوریڈور کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی نے پاکستان۔چین ہائر ایجوکیشن پارٹنرشپ 2035 کا مجوزہ منصوبہ پیش کیا، جس میں زبان اور ثقافتی روابط، افرادی قوت کی استعداد میں اضافہ، تحقیق و جدت، جامعات کی ڈیجیٹل تبدیلی اور سی پیک نالج کوریڈور کو مزید مستحکم بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی

شنگھائی میں ہواوے کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ (R&D) کیمپس کے دورے کے دوران چیئرمین ایچ ای سی نے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مصنوعی ذہانت (AI)، جامعات کی ڈیجیٹل تبدیلی، جدید انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT)، صنعت و جامعات کے اشتراک، تحقیقی شراکت داری اور افرادی صلاحیتوں کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین نے پاکستانی جامعات، محققین اور طلبہ کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

بعد ازاں، فودان یونیورسٹی میں چیئرپرسن کیو ژن، وائس پریزیڈنٹ چن ژی من اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات میں تحقیق، اساتذہ و طلبہ کے تبادلوں، مشترکہ ڈگری پروگرامز اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

دورے کے دوران چیئرمین ایچ ای سی نے چنگ ڈاؤ ہینگ شنگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ تعلیمی تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت طلبہ اور اساتذہ کے تبادلے، مشترکہ افرادی قوت کی تیاری، فنی مہارتوں کی تربیت، صنعت و جامعات کے روابط، تعلیمی وسائل کے اشتراک اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دیا جائے گا، جس سے پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون مزید مستحکم ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *