Uncategorized

لاہور: یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور نے خزاں 2026 کے لیے ایم ایس، ایم فل، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان یو ای ٹی ڈاکٹر تنویر قاسم کے مطابق ملک بھر کے اہل اور باصلاحیت امیدوار مقررہ تاریخ تک آن لائن درخواستیں جمع کرا کے اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے اس ممتاز ادارے کا حصہ بن سکتے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ پی ایچ ڈی پروگرامز آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ، کیمیکل انجینئرنگ، سول انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ، مکینیکل انجینئرنگ، کمپیوٹنگ، ارتھ سائنسز اینڈ انجینئرنگ، سنٹر آف ایکسیلنس اِن واٹر ریسورسز انجینئرنگ (CEWRE) اور فیکلٹی آف نیچرل سائنسز، ہیومینٹیز اینڈ اسلامک اسٹڈیز سمیت مختلف شعبہ جات میں پیش کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم ایس، ایم فل اور ماسٹرز پروگرامز بھی صبح، شام اور ویک اینڈ شفٹس میں مختلف فیکلٹیز اور شعبہ جات میں دستیاب ہیں۔ ان میں الیکٹریکل، کمپیوٹر، سول، مکینیکل، کیمیکل، بائیومیڈیکل، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیٹا سائنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ، انفارمیشن سیکیورٹی، پیٹرولیم، مائننگ، آرکیٹیکچر، ریجنل پلاننگ، اسلامیات، کیمسٹری، فزکس، ریاضی، فوڈ سائنس، نینو ٹیکنالوجی، ایم بی اے، ایم پی اے، مینجمنٹ اور دیگر متعدد جدید و روایتی شعبہ جات شامل ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس، مشین لرننگ اینڈ سائبر سیکیورٹی، بلاک 6 ماڈل ٹاؤن لاہور میں بھی جدید پروگرامز کی پیشکش کی جا رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق یو ای ٹی لاہور طلبہ کی مالی معاونت کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ پی ایچ ڈی پروگرامز میں منتخب طلبہ کے لیے ریسرچ سپورٹ اسکالرشپس، رجسٹریشن اور ٹیوشن فیس میں رعایت فراہم کی جائے گی، جبکہ ایم ایس، ایم فل اور ماسٹرز پروگرامز میں بھی مختلف شعبہ جات کے طلبہ کے لیے مالی معاونت کی سہولت موجود ہے۔ یو ای ٹی کے سابق طلبہ، خواتین اور فیکلٹی ممبران کے لیے بھی خصوصی مالی مراعات رکھی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایم ایس، ایم فل اور ماسٹرز پروگراموں میں داخلے کے لیے متعلقہ شعبے میں 16 سالہ تعلیم جبکہ پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلے کے لیے 18 سالہ تعلیم یعنی ایم ایس، ایم فل یا مساوی ڈگری اور یونیورسٹی کی مقررہ اہلیت کی شرائط پوری کرنا ضروری ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ داخلوں کے خواہشمند امیدوار 13 اگست 2026 تک آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ داخلہ ٹیسٹ 17 اگست 2026 سے شروع ہوں گے جبکہ انٹرویوز 20 تا 22 اگست 2026 منعقد کیے جائیں گے۔ نئے تعلیمی سیشن کی کلاسوں کا آغاز 7 ستمبر 2026 سے ہوگا۔

مزید معلومات اور آن لائن درخواست جمع کرانے کے لیے امیدوار یو ای ٹی کے داخلہ پورٹل admission.uet.edu.pk ملاحظہ کریں یا داخلہ دفتر یو ای ٹی لاہور سے رابطہ کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *