یوای ٹی کے وائس چانسلر کی اسٹارٹ اپس اور روزگار کے فروغ کے لیے حکومت پنجاب کو ’’بینک آف انٹرپرینیورشپ‘‘ کے قیام کی تجویز……..اس خصوصی بینک کا مقصد نئے کاروبار شروع کرنے والے نوجوانوں کو آسان شرائط، کم شرحِ منافع اور کاروباری رہنمائی کے ساتھ مالی معاونت فراہم کرنا ہونا چاہیے

0
150107

یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یوای ٹی) لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر تمغہ امتیاز نے نوجوانوں میں کاروباری سرگرمیوں، اسٹارٹ اپس اور خود روزگاری کے فروغ کے لیے حکومت پنجاب کو ’’بینک آف انٹرپرینیورشپ‘‘ کے قیام کی تجویز پیش کردی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس خصوصی بینک کا مقصد نئے کاروبار شروع کرنے والے نوجوانوں کو آسان شرائط، کم شرحِ منافع اور کاروباری رہنمائی کے ساتھ مالی معاونت فراہم کرنا ہونا چاہیے، تاکہ باصلاحیت نوجوان اپنے اختراعی آئیڈیاز کو کامیاب کاروبار میں تبدیل کرسکیں۔ایکسپو سینٹر لاہور میں See Pakistan کے زیر اہتمام منعقدہ انٹرپرینیورشپ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد جدید اور تخلیقی کاروباری آئیڈیاز رکھتی ہے، تاہم سرمایہ اور مناسب مالی معاونت تک رسائی نہ ہونے کے باعث بہت سے قابلِ عمل منصوبے عملی شکل اختیار نہیں کر پاتے۔ ایسے حالات میں ’’بینک آف انٹرپرینیورشپ‘‘ کا قیام نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے اور انہیں پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھانے کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرسکتا ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ مجوزہ بینک محض روایتی قرضوں کی فراہمی تک محدود نہ ہو بلکہ نوجوان کاروباری افراد کے بزنس پلانز کا ماہرین کے ذریعے جائزہ لے، قابلِ عمل منصوبوں کی نشاندہی کرے اور ضرورت کے مطابق قرض فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کاروباری شراکت داری کا ماڈل بھی اختیار کرے۔ اس طریقہ کار کے تحت بینک سرمایہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نئے کاروباروں کی رہنمائی، نگرانی اور ترقی میں بھی معاون کردار ادا کرسکے گا۔پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے ’’بینک آف انٹرپرینیورشپ‘‘ کے تصور کو پاکستان کے اسٹارٹ اپ اور کاروباری ماحول کے لیے ایک انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ کم شرحِ منافع پر مالی معاونت اور کاروباری شراکت داری کے ذریعے نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جائیں تو اس کے نتیجے میں نہ صرف نئے کاروبار وجود میں آئیں گے بلکہ روزگار کے ہزاروں نئے مواقع بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

You may have missed