ہائر ایجوکیشن کمیشن چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، راولپنڈی میں 756.38 کلو واٹ پیک صلاحیت کے گرڈ ٹائیڈ سولر سسٹم، کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

0
764862891_1050586834050249_8895803265828716290_n

راولپنڈی: ہائر ایجوکیشن کمیشن چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، راولپنڈی میں 756.38 کلو واٹ پیکصلاحیت کے گرڈ ٹائیڈ سولر سسٹم، نیٹ میٹرنگ اور ڈی جی سنکرونائزیشن منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ماحول دوست اور پائیدار توانائی کے منصوبوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ملک کی جامعات میں معیاری تعلیم، تحقیق، جدت طرازی اور جدید انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے اساتذہ کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نئی نسل کی فکری و عملی تربیت اور قومی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

دس کروڑ روپے مالیت کے اس منصوبے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر 5،5 کروڑ روپے فراہم کیے۔ منصوبے کے تحت سولر سسٹم کی تنصیب سٹی کیمپس اور کیمپس- دونوں مقامات پر مکمل کی گئی ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق شمسی توانائی کا یہ نظام باقاعدہ طور پر بجلی پیدا کرنا شروع کر چکا ہے، جبکہ توقع ہے کہ منصوبے پر آنے والی لاگت تقریباً ڈھائی سے اڑھائی سال (2.5 تا 2.8 سال) میں پوری ہو جائے گی۔ اس منصوبے سے نہ صرف بجلی کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ یونیورسٹی کے کاربن فٹ پرنٹ میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہوگی، جو ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

اس موقع پر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ماحولیاتی پائیداری، وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال اور ایک سرسبز، توانائی مؤثر کیمپس کے قیام کی جانب اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

You may have missed