ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (کالجز) پروفیسر ڈاکٹر انصار اظہر کی تصنیف “اداس آنکھوں سے مسکرانا”کی لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں تقریب رونمائی
لاہور: لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے شعبہ فارسی کے زیر اہتمام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی سرپرستی اور پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی کی صدارت میں ایک علمی کتاب پر مذاکرہ منعقد کیا گیا۔تقریب میں پنجاب کے ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (کالجز) پروفیسر ڈاکٹر انصار اظہر کی تصنیف “اداس آنکھوں سے مسکرانا” پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ کتاب کا مرکزی تنقیدی جائزہ ڈاکٹر نعیم گھمن نے پیش کیا، جبکہ مختلف اساتذہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کتاب کی ادبی، فکری اور تحقیقی اہمیت کو سراہا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ایران کلچر سینٹر لاہور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اصغر مسعودی تھے، جنہوں نے پروفیسر ڈاکٹر انصار اظہر کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شعبہ فارسی کے مختلف تعلیمی پروگراموں کے لیے وظائف (Scholarships) کا بھی اعلان کیا۔

اختتامی خطاب میں وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے یونیورسٹی میں قائم اقبال کارنر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ علمی و فکری سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے ایرانی طلبہ و طالبات کو ایل سی ڈبلیو یو میں داخلے کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔تقریب کے اختتام پر مقررین نے شعبہ فارسی کی جانب سے ادبی و ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے علمی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔