سپیریئر یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کا اعلیٰ تعلیم میں جدت، ترقی اور معیار کے فروغ کے لیے اہم فیصلے
سپیریئر یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کا اعلیٰ تعلیم میں جدت، ترقی اور معیار کے فروغ کے لیے اہم فیصلے
لاہور: سپیریئر یونیورسٹی کے 23ویں اجلاسِ بورڈ آف گورنرز (BoG) میں یونیورسٹی کی آئندہ ترقی، جدت اور تعلیمی معیار کے فروغ کے لیے اہم پالیسی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین بورڈ آف گورنرز اور دی سپیریئر گروپ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن نے کی۔اجلاس میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر اقرار احمد خان، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی، یونیورسٹی آف لاہور کے ریکٹر کے نمائندے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے رکن پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف، ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ مسز زاہدہ اظہر، سپیریئر یونیورسٹی کی ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان، ڈاکٹر چوہدری عبدالخالق، مسٹر اظہر، پروفیسر ڈاکٹر خواجہ ہشام الحسن اور چوہدری حمزہ رحمان سمیت بورڈ کے معزز اراکین اور یونیورسٹی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔
بورڈ نے سپیریئر یونیورسٹی کی 3C ماڈل (کردار، جرات اور قابلیت) کے تحت حاصل کی جانے والی نمایاں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے لیے ایک مثالی ماڈل قرار دیا، جو دیگر جامعات کے لیے بھی قابلِ تقلید ثابت ہو سکتا ہے۔اجلاس میں ایک اہم اسٹریٹجک فیصلے کے تحت آئندہ ایک ماہ کے اندر سپیریئر ٹیکنالوجی پارک کا سنگِ بنیاد رکھنے کی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے کا مقصد تحقیق، جدت، صنعت اور اکیڈمیا کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنا اور طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ عملی مواقع فراہم کرنا ہے۔