یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کی زیرِ قیادت ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے 131ویں اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونیورسٹی کی تحقیقی ترقی، پی ایچ ڈی نظام میں بہتری اور معیاری ریسرچ کلچر کے فروغ کیلئے کئی تاریخی فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں پہلی مرتبہ یو ای ٹی لاہور کی باقاعدہ ریسرچ پالیسی کی منظوری دی گئی، جو یونیورسٹی میں تحقیق کے معیار کو مزید بہتر بنانے، شفافیت پیدا کرنے اور عالمی معیار کے مطابق تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اسی طرح یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار ریسرچ کنفلیکٹ آف انٹرسٹ پالیسی کی منظوری بھی دی گئی، جس کا مقصد تحقیق میں شفافیت، دیانتداری اور غیر جانبداری کو یقینی بنانا ہے۔
اجلاس میں اپرووڈ سپروائزر پالیسی بنا کر نافذ کرنے کی منظوری بھی دی گئی، تاکہ پی ایچ ڈی اور ایم ایس سپروائزرز کے انتخاب، ذمہ داریوں اور کارکردگی کے معیار کو واضح کیا جا سکے۔
اسی سلسلے میں یو ای ٹی ریسرچ سپرویژن مینوئل بھی تیار کیا گیا، جس کی منظوری دے دی گئی۔ اس مینوئل کے تحت تمام سپروائزرز اپنی نگرانی انہی رہنما اصولوں کے مطابق انجام دیں گے، جبکہ اس میں سپروائزز کو درپیش مختلف مسائل کے حل بھی شامل کیے گئے ہیں۔
بورڈ نے پیٹنٹ فائلنگ کی حوصلہ افزائی کیلئے فیکلٹی ممبران کے لیے انعامی رقم 50 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے کی منظوری دی، جبکہ پیٹنٹ فائلنگ کی مکمل فیس بھی واپس کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسی طرح پی ایچ ڈی سکالرز کی تحقیقی اشاعت کی حوصلہ افزائی کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ اگر کوئی سکالر کسی جرنل میں اپنا تحقیقی مقالہ شائع کرتا ہے اور اس کی اشاعت کیلئے فیس ادا کرتا ہے، تو یونیورسٹی کی جانب سے ہر سکالر کو 50 ہزار روپے بطور پبلیکیشن فیس فراہم کیے جائیں گے۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ اگر کوئی سپروائزر چار سال کے مقررہ دورانیے میں اپنے پی ایچ ڈی سکالر کی ڈگری مکمل کرواتا ہے تو اسے ملنے والی دو لاکھ روپے کی رقم کے ساتھ 30 ہزار روپے اضافی انعام بھی دیا جائے گا۔
تاہم اگر کسی بھی وجہ سے پی ایچ ڈی ڈگری سپروائزر کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوتی ہے تو اسے ملنے والے دو لاکھ روپے میں سے 30 ہزار روپے کی کٹوتی کی جائے گی، تاکہ بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید برآں، ایک اسٹینڈرڈ پی ایچ ڈی کمپلیشن ٹائم لائن کی منظوری بھی دی گئی، جس کے تحت آٹھوں سمسٹرز میں ہونے والے تمام تحقیقی مراحل، رپورٹنگ اور ذمہ داریوں کو واضح طور پر طے کیا گیا ہے۔ اس سمسٹر وائز ٹائم لائن کا مقصد طلبہ کی ڈگریوں کی بروقت تکمیل اور تحقیقی معیار کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ یو ای ٹی لاہور میں تحقیق کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور یہ تمام اقدامات یونیورسٹی کو قومی و بین الاقوامی سطح پر ایک مضبوط تحقیقی ادارہ بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔

4 Attachments  •  Scanned by Gmail