اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے ڈگریوں کی تصدیق کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے مکمل ڈیجیٹل اٹیسیٹیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایچ ای سی نے CMPak لمیٹڈ (زونگ) اور اس کے مشترکہ شراکت دار Wibbow Technologies کے ساتھ ایک اسٹریٹجک معاہدہ طے کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ نیا نظام بلاک چین ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگا، جس کے ذریعے ڈگریوں کی تصدیق کا عمل مزید محفوظ، شفاف اور تیز تر بنایا جائے گا۔ اس اقدام سے نہ صرف جعلسازی کے امکانات کم ہوں گے بلکہ طلبہ اور گریجویٹس کو سہولت بھی میسر آئے گی۔

نئے نظام کے تحت درخواست دہندگان کو اب ایچ ای سی دفاتر کے چکر لگانے یا کاغذی دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ مکمل عمل، جس میں درخواست جمع کروانا، اسٹیٹس ٹریک کرنا اور تصدیق شامل ہے، آن لائن انجام دیا جائے گا، جس سے صارفین دنیا کے کسی بھی حصے سے خدمات حاصل کر سکیں گے۔
ایچ ای سی حکام کا کہنا ہے کہ یہ نظام 30 جون 2026 تک باقاعدہ طور پر فعال کر دیا جائے گا، جس کے بعد پاکستان میں تعلیمی اسناد کی تصدیق کا طریقہ کار ایک نئے ڈیجیٹل دور میں داخل ہو جائے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان میں ای-گورننس کے فروغ اور تعلیمی شعبے میں شفافیت بڑھانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔