پاکستان کا ڈیجیٹل افرادی قوت میں اضافےکے لئےبڑے پیمانے پر تربیتی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ایچ آر ڈویلپمنٹ پروگرام (انسپائر) کے تحت 7,200 افراد کو تربیت دی جائے گی، جن میں 2,200 انڈرگریجویٹ و پوسٹ گریجویٹ طلبہ اور 5,000 انجینئرز شامل ہیں۔۔۔۔۔۔یوتھ ڈویلپمنٹ معاہدے کے تحت 100,000 طلبہ کو مصنوعی ذہانت، فائیو جی اور جدید مواصلاتی ٹیکنالوجیز میں آن لائن تربیت فراہم کی جائے گی،

0
254d2926-06ca-4537-bef6-98de73799add_11zon

اسلام آباد: پاکستان نے ڈیجیٹل افرادی قوت میں اضافے اور آئی ٹی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے بڑے پیمانے پر تربیتی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری دستاویز کے مطابق نیشنل سیمی کنڈکٹر ایچ آر ڈویلپمنٹ پروگرام (انسپائر) کے تحت مجموعی طور پر 7,200 افراد کو تربیت دی جائے گی، جن میں 2,200 انڈرگریجویٹ و پوسٹ گریجویٹ طلبہ اور 5,000 انجینئرز شامل ہیں۔وزیراعظم سکل ٹیک پاکستان انیشی ایٹو کے تحت آئندہ تین سال میں 25,000 سے زائد نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا اینالیٹکس اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ سمیت جدید ٹیکنالوجیز میں تربیت دینے کا منصوبہ ہے۔ پروگرام میں بوٹ کیمپس، پیشہ ورانہ سرٹیفکیشن، انٹرن شپ، سافٹ اسکلز اور صنعت سے روابط بھی شامل ہوں گے۔

دوسری جانب پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) اور زیڈ ٹی ای پاکستان کے درمیان یوتھ ڈویلپمنٹ معاہدے کے تحت 100,000 طلبہ کو مصنوعی ذہانت، فائیو جی اور جدید مواصلاتی ٹیکنالوجیز میں آن لائن تربیت فراہم کی جائے گی، جبکہ 100 سند یافتہ ٹرینرز بھی تیار کیے جائیں گے۔حکومت آئی ٹی شعبے کے فروغ کے لیے نیشنل ٹیکنالوجی پارکس کی تعداد 250 مراکز تک بڑھانے، اسلام آباد و کراچی میں آئی ٹی پارکس اور سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کرنے پر بھی کام کر رہی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد اسٹارٹ اپس، فری لانسرز، آئی ٹی کمپنیوں اور چھوٹے و درمیانے کاروباروں کو سہولیات فراہم کرکے عالمی منڈیوں تک رسائی، غیر ملکی سرمایہ کاری اور آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

You may have missed