پنجاب کا گلگت بلتستان کے طلباء کیلئے 6 کروڑ سے زائد مالیت کی سکالرشپ کا تاریخی تحفہ……..وزیر تعلیم پنجاب نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے گلگت کے 500 نوجوانوں میں سکالرشپ تقسیم……..جی بی کے نوجوانوں کیلئے 1000 گوگل کیرئیر سکالرشپ کا بھی اعلان، لیپ ٹاپ بھی بھجوائیں گے۔ وزیر تعلیم

0
46b83dd4-f1f2-4e09-805a-0ae531e5f1db

\
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبائی حدود سے نکل کر اپنے تعلیمی وسائل پورے پاکستان کے نوجوانوں کیلئے وقف کر رکھے ہیں، ماضی کی سیاست نے نوجوانوں کو وعدے اور نعرے دیئے جبکہ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں نوجوانوں کو ان کا حق دے رہی ہے۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت میں گلگت بلتستان کے 500 طلباء میں 6 کروڑ سے زائد مالیت کی سکالرشپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے نوجوانوں کے نام پر بہت سیاست کی لیکن ان کے مستقبل کیلئے عملی وسائل فراہم نہیں کر سکے۔ ہم نوجوانوں کو سیاسی نعروں کا ایندھن نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کا اصل سرمایہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج گلگت کے نوجوانوں کیلئے پنجاب صرف سکالرشپ نہیں بلکہ محبت، اعتماد اور تعلیمی شراکت داری کا پیغام لے کر آیا ہے۔ گلگت بلتستان کے طلباء کیلئے 6 کروڑ روپے سے زائد کی سکالرشپس وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی تحفہ ہے۔ گلگت کے نوجوانوں کی فرمائش پر وزیر تعلیم نے جلد لیپ ٹاپ بھجوانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے جی بی کے نوجوانوں کیلئے لیپ ٹاپ کی منظوری لے کر جلد لیپ ٹاپ بھجوائے جائیں گے۔ انہوں نے گلگت کے طلباء کیلئے 1000 گوگل کیرئیر سکالرشپ کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو ہزاروں ڈالر کے گوگل سرٹیفیکیشن کورسز مفت کروائیں گے۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کو صوبائی سیاست کی دیواروں میں قید رکھنے کی حامی نہیں۔ پنجاب کے وسائل اورتعلیمی منصوبے ہر صوبے کے میرٹ پر پورا اترنے والے نوجوانوں کیلئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صوبوں، علاقوں اور سیاسی وابستگی کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی سیاست نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ جو لوگ صوبائیت کی سیاست کو ہوا دیتے ہیں، انہیں گلگت میں پنجاب کا یہ اقدام بھی دیکھنے کی دعوت دیتا ہوں۔ وزیر تعلیم پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے ہونہار سکالرشپ پروگرام میں ملک کے دیگر صوبوں کے طلباء کیلئے بھی کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے طلباء پنجاب حکومت کے تعلیمی منصوبوں سے مستفید ہو رہے ہیں، آئندہ چند دنوں میں سکالرشپ کا تحفہ لے کر آزاد کشمیر بھی جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں آج کا پروگرام اس عزم کا عملی ثبوت ہے کہ پنجاب حکومت پاکستان کے ہر خطے کے نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ گلگت بلتستان اور دیگر صوبوں کے نوجوانوں کیلئے پنجاب حکومت کا سکالرشپ پروگرام صرف مالی معاونت نہیں بلکہ قومی یکجہتی اور مساوی مواقعوں کی فراہمی کا عملی اعلان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی سیاست نے نوجوانوں کو وعدے دیئے، پنجاب مواقع دے رہا ہے۔ یہی نعروں اور عملی خدمت میں بنیادی فرق ہے۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ جی بی کے نوجوانوں سے ہم نے سکالرشپ اور لیپ ٹاپ کے بدلے ووٹ نہیں مانگنے، تعلیمی معاونت ہمارا فرض ہے۔ پنجاب بڑا بھائی ہے، دوسرے صوبوں کا خیال رکھ کر فرض ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر اہلیان گلگت بلتستان نے رانا سکندر حیات کے بطور وزیر تعلیم، پنجاب میں اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ ہم دیکھتے رہتے ہیں، آپ پنجاب میں بہت اچھے کام کر رہے ہیں۔ اہلیان گلگت نے رانا سکندر حیات کے توسط سے وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کیلئے سکالرشپ کا تحفہ لاکر وزیر اعلی پنجاب نے دل جیت لئے ہیں۔ تاریخی تعلیمی معاونت پر پنجاب حکومت بالخصوص وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مشکور ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

You may have missed