وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد علی نے پنجاب یونیورسٹی میں داخلوں اور دیگر امورپر امیدواروں کی رہنمائی کے لئے مصنوعی ذہانت پر مبنی پہلے چیٹ بوٹ کا افتتاح کردیا

وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد علی نے پنجاب یونیورسٹی میں داخلوں اور دیگر امورپر امیدواروں کی رہنمائی کے لئے مصنوعی ذہانت پر مبنی پہلے چیٹ بوٹ کا افتتاح کردیا۔پنجاب یونیورسٹی ایڈمیشن اسسٹنٹ چیٹ بوٹ کی افتتاحی تقریب میں چیئرمین ایڈمیشن کمیٹی پروفیسرڈاکٹر محمود سلیم، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ آئی ٹی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد سرور،مختلف فیکلٹیوں کے ڈینزاور انتظامی عہدیدران نے شرکت کی۔عوام الناس کے لئے پنجاب یونیورسٹی کا ویب بیسڈ چیٹ بوٹ سرکاری یونیورسٹیز کا پہلا چیٹ بوٹ ہے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ مختصر عرصے میں کامیاب چیٹ بوٹ کی تیاری قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی طلباؤ طالبات اور داخلوں کے خواہشمند امیدواروں کی سہولت کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔انہوں نے چیٹ بوٹ کی سہولت دیگر شعبہ جات کے لئے بھی فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔ پروفیسر ڈاکٹر شہزاد سرور نے چیٹ بوٹ کی کارکردگی پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی نے اپنے وسائل سے مختصر وقت میں چیٹ بوٹ تیار کیاہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کا چیٹ بوٹ انگریزی، اردو اور رومن اردومیں رہنمائی فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ چیٹ بوٹ امیدواروں کو مختلف پروگرامز میں داخلے کے لئے اہلیت کے معیار سے متعلق رہنمائی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سے متعلق معلومات، ہاسٹل کی معلومات، پروگرامز کی اہلیت پر چیٹ بوٹ جامع رہنمائی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ امیدواروں کو سکالرشپس اور مالی امداد سے متعلق تمام معلومات فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ چیٹ بوٹ کوٹہ میں داخلوں اور یونیورسٹی کے اہم اعلانات سے متعلق امیدواروں کو رہنمائی فراہم کرے گا۔