پاکستان کی جامعات میں خصوصی طلبہ کے لیے جامع تعلیمی پالیسی کی تیاری، ایچ ای سی اور اے آئی ٹی کا اہم اقدام
اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے تھائی لینڈ کے ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (اے آئی ٹی) کے تعاون سے پاکستان کی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں خصوصی طلبہ کے لیے پالیسی سے متعلقاور کورس ڈیزائن ورکشاپ کا انعقاد کیا۔یہ پروگرام 10 سے 17 اگست 2026 تک تھائی لینڈ کے ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں منعقد ہوا، جس کا مقصد جامعات میں معذوری کے حامل طلبہ کے لیے رسائی، شمولیت اور معاونت کے نظام کو مزید مؤثر بنانا تھا۔ پروگرام کے دوران پالیسی پر عمل درآمد، کورسز کی تیاری اور بین الاقوامی بہترین طریقۂ کار کے تبادلے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
پروگرام کے شرکاء نے کاسٹسارت یونیورسٹی، تھماسات یونیورسٹی اور کنگ مونگ کٹ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے خصوصی طلبہ کے لیے قابلِ رسائی بنیادی ڈھانچے، معاون سہولیات اور جامع تعلیمی طریقۂ کار کا مشاہدہ کیا۔پروگرام کا ایک اہم نتیجہ ایچ ای سی اور اے آئی ٹی کے درمیان باضابطہ تعاون کے لیے ایک فریم ورک کی تیاری تھا۔ اس کے تحت تین سالہ استعدادِ کار بڑھانے کے مجوزہ منصوبے کے ذریعے پاکستان بھر کی جامعات کی تقریباً 200 ایکسیسبیلٹی کمیٹیوں کے ارکان کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔اس اقدام کے ذریعے پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں زیادہ جامع، مساوی اور قابلِ رسائی تعلیمی ماحول کے فروغ میں مدد ملے گی اور خصوصی ضروریات کے حامل طلبہ کو جامعات میں بہتر تعلیمی سہولیات اور معاونت فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
