پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز کے دوسرے سیزن کا باضابطہ اعلان……پروگرام کے تحت سکولوں کے ٹریننگ کیمپ 10 اگست سے شروع کیے جائیں گے
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی سطح پر سکول کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لئےپی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز کے دوسرے سیزن کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔اس سلسلے میں سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون اور سابق قومی کپتان و پی سی بی کے مینٹور مصباح الحق نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ پہلے سیزن کی کامیابی کے بعد دوسرے سیزن کا دائرہ کار نمایاں طور پر بڑھا دیا گیا ہے۔ جہاں پہلے سیزن میں ملک کے 39 اضلاع کے سکولوں نے شرکت کی تھی، وہیں اب دوسرے سیزن میں 100 اضلاع کے سکول اس پروگرام کا حصہ بنیں گے۔پی سی بی عہدیداران کے مطابق ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز 2026-27 میں ملک بھر سے تقریبا 1200 سکول شریک ہوں گے، جس کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور قومی سطح تک رسائی کا بہترین موقع ملے گا۔
پروگرام کے تحت سکولوں کے ٹریننگ کیمپ 10 اگست سے شروع کیے جائیں گے، جبکہ قومی سکول کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 15 ستمبر سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ 4 مختلف مراحل پر مشتمل ہوگا، جن میں ضلعی، ڈویژنل، صوبائی اور قومی سطح کے مقابلے شامل ہوں گے۔ ہر مرحلے میں کامیاب ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ سکول کرکٹ کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے ٹورنامنٹ میں شریک تمام سکولوں کو مالی معاونت (فنڈنگ) اور تکنیکی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ کھلاڑیوں کو بہتر ماحول اور معیاری تربیت میسر آسکے۔اس موقع پر اسامہ شارون اور مصباح الحق نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا دوسرا سیزن ملک کے دور دراز علاقوں سے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور مستقبل میں پاکستان کرکٹ کو مضبوط بنیادیں فراہم کرے گا۔