قومی خبریں

1,200 پاکستانی محققین کا عالمی درجہ بندی میں شامل ہونا ملک کے لیے باعثِ فخر کامیابی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد اختر۔۔۔۔۔۔۔۔، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ایوارڈ حاصل کرنے والے محققین کو مبارکباد۔

لاہور: ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے جامعہ پنجاب کے سنٹر آف ایکسیلنس اِن مالیکیولر بایولوجی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی گلوبل ٹاپ 2 فیصد سائنسدانوں کی فہرست 2025 میں شامل پاکستانی محققین اور سائنسدانوں کے ساتھ ساتھ نیشنل ریسرچ پروگرام فار یونیورسٹیز (NRPU) کال 2025-26 کے تحت ریسرچ گرانٹس حاصل کرنے والے محققین کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ایوارڈ حاصل کرنے والے محققین کو مبارکباد دیتے ہوئے اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور معیاری انسانی وسائل کی ترقی کے فروغ کے لیے پنجاب حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ تقریباً 1,200 پاکستانی محققین کا عالمی درجہ بندی میں شامل ہونا ملک کے لیے باعثِ فخر کامیابی ہے۔ انہوں نے محققین پر زور دیا کہ وہ اطلاقی تحقیق کو جدت، کاروباری مواقع اور سماجی ترقی میں تبدیل کرنے کے لیے باہمی تعاون اور وسائل کے اشتراک کو فروغ دیں۔

چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر اقرار احمد خان نے بھی اعزاز حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ جامعات کی تحقیقی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے تحقیق میں مزید سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔

اس سے قبل ایچ ای سی کے مشیر برائے تحقیق، اختراع و ترقی ڈاکٹر محمد علی ناصر نے بتایا کہ گلوبل ٹاپ 2 فیصد سائنسدانوں کی فہرست 2025 میں 1,200 سے زائد پاکستانی محققین شامل ہوئے ہیں، جن میں 500 سے زیادہ کا تعلق پنجاب سے ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ این آر پی یو پروگرام انتہائی مسابقتی نوعیت کا حامل ہے، جس کے تحت رواں سال 1.26 ارب روپے سے زائد مالیت کے 142 تحقیقی منصوبوں کو گرانٹس فراہم کی گئی ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button