PU News…….پنجاب یونیورسٹی شعبہ گرافک ڈیزائن کے زیر اہتمام انڈرگریجویٹ تھیسیزنمائش 2026ء کا افتتاح……..پنجاب یونیورسٹی طلبہ نے بین الاقوامی تعلیمی منصوبہ کامیابی سے مکمل کرلیا……..وائس چانسلر نے نیشنل گیمز میں اعلیٰ کارکردگی پر یونیورسٹی کھلاڑیوں میں 23لاکھ کے انعامات تقسیم کئے

لاہور:وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد علی نے پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن شعبہ گرافک ڈیزائن کے زیر اہتمام انڈرگریجویٹ تھیسیزنمائش 2026 ء کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینیٹزپروفیسر ڈاکٹر محبوب حسین، پرنسپل کالج پروفیسرڈاکٹر ثمینہ نسیم،چیئرمین شعبہ گرافک ڈیزائن پروفیسرڈاکٹر احمد بلال، فیکلٹی ممبران،صنعت سے وابستہ معروف ڈیزائنرز اورطلباؤطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ نمائش میں طلباؤطالبات نے کمرشل بنیادوں پر چلنے والے تخلیقی منصوبے پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ کالج کے طلباؤ طالبات کے پراجیکٹس کو کمپنیاں خرید رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے طلباؤ طالبات کو پڑھائی کے دوران نوکریاں بھی مل جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی وبین الاقوامی سطح پر کالج کے گریجوئیٹس نے اپنا نام بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں طلباؤ طالبات نے ماحولیاتی آگاہی پیدا کرنے سے متعلق منصوبے پیش کئے۔ پروفیسر ڈاکٹر احمد بلال نے کہا کہ طلباؤ طالبات نے تخلیقی منصوبوں میں مختلف معاشرتی پہلوؤں کی عکاسی کی۔انہوں نے کہا کہ کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کی تاریخی گرینڈ ہال میں شعبہ گرافک ڈیزائن کے 85 طلبہ کے تخلیقی، تحقیقی اور جدید ڈیزائن پرمبنی تھیسزپراجیکٹس عوام کے لیے پیش کئے گئے۔ اس موقع پر جدید طرز پر تھیسز کا ڈیجیٹل کیٹلاگ بھی متعارف کرا یا گیا جو کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ نمائش 12 جون تک جاری رہے گی۔
پنجاب یونیورسٹی شعبہ سوشل ورک نے کامن ویلتھ یونیورسٹی آف پنسلوانیا کے اشتراک سے ایک بین الاقوامی تعلیمی منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا،

پنجاب یونیورسٹی شعبہ سوشل ورک نے کامن ویلتھ یونیورسٹی آف پنسلوانیا کے اشتراک سے ایک بین الاقوامی تعلیمی منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا، جس کے تحت طلبہ کو دو ورچوئل کورسز کرائے گئے۔ اس منصوبے کی قیادت شعبہ سوشل ورک کی ایسوسی ایٹ پروفیسرڈاکٹر سونیا عمرنے کی۔اس اقدام کے ذریعے طلبہ کو امریکہ کی ایک جامعہ سے بین الاقوامی تعلیمی تجربات اور سیکھنے کے قیمتی مواقع میسر آئے۔ طلبہ کو امریکہ میں جاری لائیو کلاسز میں بھی شامل کیا گیا، جہاں انہیں بین الاقوامی اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ براہِ راست رابطے اور تبادلہ خیال کا موقع ملا اور انہوں نے حقیقی وقت میں عالمی تعلیمی ماحول کا تجربہ حاصل کیا۔کورسز کامیابی سے مکمل کرنے پر شریک طلبہ کو میزبان ادارے کی جانب سے اسناد بھی عطا کی گئیں۔ یہ منصوبہ یونیورسٹی کی متعلقہ انتظامیہ سے پیشگی اجازت حاصل کرنے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔یہ اشتراک شعبہ سوشل ورک کے عالمی تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے اور طلبہ کے تعلیمی تجربات کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ منصوبے کی کامیاب تکمیل وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی متحرک قیادت اور بصیرت افروز ویژن کا بھی مظہر ہے، جن کی سرپرستی اور حمایت کے باعث پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے بین الاقوامی تعلیمی مواقع مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔
وائس چانسلر نے نیشنل گیمز میں اعلیٰ کارکردگی پر یونیورسٹی کھلاڑیوں میں 23لاکھ کے انعامات تقسیم کئے

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ شعبہ سپورٹس سے وابستہ افراد قومی خدمت کر رہے ہیں کیونکہ وہ نہ صرف کھیلوں کے ذریعے پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کررہے ہیں بلکہ نوجوانوں میدانوں میں لاکر ان کو منشیات اور دیگر منفی سرگرمیوں سے روک رہے ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ سپورٹس کے زیر اہتمام ورلڈ روئنگ، نیشنل گیمز اور آل پاکستان انٹر ورسٹی کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے طلباؤطالبات کیلئے منعقدہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر شبیر سرور، ڈی جی ایس ای ایس پروفیسر ڈاکٹر ریحان صادق شیخ، طلباؤطالبات اور آفیشلز نے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے قومی سطح پر مختلف کھیلوں میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے 17کھلاڑیوں اور 7کوچز میں 23لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کئے۔
