وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی پہلی قومی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجرا کر دیا
اوزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اعلان کردیا جس کے مطابق تمام لیبر فورس میں خواتین کے لیے 35 فیصد کوٹہ لازمی ہو گا۔ نوجوانوں کو سٹارٹ اپ کے لیے مدد کی جائے گی۔ پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اعلان انہوں نے نوجوانوں کے عالمی دن پر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس ملک میں لاکھوں ذہین نوجوان موجود ہیں جنہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے تو وہ دوسروں کو پیچھے چھوڑ جائیں مگر ستم ظریفی یہ ہے کہ امراء کے بچوں کو دنیا بھر کی درس گاہوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع موجود ہیں۔ دوسری جانب غریب والدین اپنے بچوں کی تعلیم کے لیے شدید خواہش رکھتے ہیں مگر ان کی استطاعت نہیں ہے۔ ایچی سن کالج میں غریب کا بچہ قدم بھی نہیں رکھ سکتا، اسی لیے ایچی سن کالج کے مقابل دانش سکول قائم کیے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس تضاد کی وجہ سے ہم تعلیم کے میدان میں پیچھے رہ گئے۔ معاشرے میں مساوی مواقع موجود ہونا چاہیے، اگر امیر و غریب کے بچوں کو مساوی تعلیم نہ ملے تو پھر یہ قائد اعظم کا پاکستان نہیں ہے۔ پنجاب بھر میں دانش سکول کا جال پھیلایا۔ اب جی بی، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں بن رہے ہیں جہاں مفت تعلیم ملے گی اور معیار ایچی سچ کالج سے کم نہیں ہو گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں یہ اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ بجٹ میں تعلیم کے لیے خاطر خواہ رقومات رکھی ہیں۔ پورے پاکستان سے گزشتہ سال ایک سال طلباء میرٹ پر چین بھیجے سرکاری خرچ پر، تاکہ وہ زراعت کی جدید تعلیم حاصل کریں، اب ہم ایک ہزار بچوں کو سرکاری خرچ پر آئی ٹی اور اے آئی کی تعلیم کے لیے چین بھجوائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی اگلے سال معرض وجود میں آنے والی ہے۔ اگلے سال کلاسز شروع بھی ہو جائیں گی، اس میں ٹیکنیکل تعلیم ہوگی اور جدید و تکنیکی علوم پر زیادہ فوکس ہو گا، وہاں پر بھی میرٹ پر داخلہ ہو گا۔ پیسے ہوں یا نہ ہوں، بہترین تعلیم ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج تک ہم نے سات لاکھ بچوں میں میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے، ایک بھی سفارش پر نہیں دیا۔ اس سال پورے ملک کے مزید ڈھائی لاکھ بچوں کو کروم بکس دی جائیں گی۔
اس میں پرائیویٹ سکول کے بچوں کو شامل نہیں کیا گیا، ہمیں لیپ ٹاپ رشوت کے طور پر دینے کا طعنہ دیا گیا۔ کیا اس لیپ ٹاپ نے بچوں کو عزت سے روزگار کمانے اور جدید دنیا میں داخلے کا موقع نہیں دیا؟۔ میں لیپ ٹاپ کو مشین نہیں مشن جانتا ہوں اور اسے مزید آگے بڑھاؤں گا۔ 1947ء میں پاکستان ہمارے بزرگوں نے بنایا مگر 2047ء کا پاکستان نوجوان اپنے مرضی سے بنائیں گے۔ انہوں نے فرسٹ نیشنل یوتھ پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام لیبر فورس میں خواتین کے لیے 35 فیصد کوٹہ لازمی ہوگا۔ نوجوانوں کو ملازمتوں کے بجائے اپنا آسان کاروبار شروع کرنے کے لیے سٹارٹ اپ کے لیے دس فیصد کوٹہ مقرر کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو ملکی ترقی و خوشحالی کا حقیقی محرک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تعلیم، ہنر اور کاروبار کے شعبوں میں مواقع کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی یوم نوجوانان کے موقع پر ہم پاکستان کے نوجوانوں کی توانائی، صلاحیتوں اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہمارے نوجوان پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے حقیقی محرک ہیں جن کی جدت، تخلیقی صلاحیت اور قیادت ہماری قوم کے روشن مستقبل کی تشکیل کر رہی ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف سے بیلا روس کے وزیر توانائی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے بیلا روسی وزیر اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم نے بیلا روس کے صدر الیگزینڈر کے لئے نیک تمناؤں اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے مشترکہ وزارتی کمشن کے نویں اجلاس میں مفید مذاکرات پر اظہار اطمینان کیا۔ تجارت، صنعت، توانائی، زراعت سمیت دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا گیا۔ بیلا روسی وزیر نے وزیراعظم سے پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر کیا۔ تمام شعبوں میں تعاون کو عملی شکل دینے کے لئے باہمی رابطہ اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان بڑھتی شرکت داری مزید مضبوط کریں گے۔
South Asians & Diaspora
