Skip to main content

https://ilmiatonline.com

سکالرشپقومی خبریں

یو ای ٹی لاہور اور الجزاری واٹر اینڈ سینیٹیشن اکیڈمی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور اور پنجاب واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارٹی (پی واسا) حکومت پنجاب کے زیر انتظام الجزاری واٹر اینڈ سینیٹیشن اکیڈمی (AJWA) کے درمیان پانی، نکاسی آب اور حفظان صحت (WASH) کے شعبے میں مشترکہ تحقیق، جدت، تربیت اور علمی تبادلے کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔مفاہمتی یادداشت پر یو ای ٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر (تمغ? امتیاز) اور الجزری واٹر اینڈ سینیٹیشن اکیڈمی کی پرنسپل ڈاکٹر ثمن خالد نے  یوای ٹی لاہور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران دستخط کیے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے پانی کی فراہمی اور آبی وسائل، نکاسی آب اور گندے پانی کے انتظام، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی پائیداری، آبی حکمرانی اور پالیسی، پانی، نکاسی آب اور حفظان صحت سے متعلق عوامی صحت، اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط اور مؤثر واٹر یوٹیلیٹیز سمیت ترجیحی شعبوں میں مشترکہ تحقیق اور فنڈڈ مطالعات کریں گے۔تعاون کے تحت واٹر، سینیٹیشن اور ہائجین کے شعبے میں عملی تحقیق، ٹیکنالوجی کی جانچ اور جدید حل کی کمرشلائزیشن کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ یو ای ٹی کے طلبہ کو الجزری اکیڈمی کی ڈیمونسٹریشن سہولیات میں انٹرن شپ، صنعتی تربیت اور تکنیکی مطالعاتی دوروں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

مفاہمتی یادداشت میں فیکلٹی ایکسچینج، مہمان لیکچرز، سیمینارز، ورکشاپس، کانفرنسز اور خصوصی تربیتی پروگرامز کے انعقاد کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے۔ دونوں ادارے ماسٹرز، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سطح پر انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ تحقیق کی مشترکہ نگرانی اور مشترکہ تحقیقی اشاعتوں کی بھی حوصلہ افزائی کریں گے۔اس تعاون کے تحت انجینئرنگ، ماحولیاتی علوم، عوامی صحت، معاشیات، قانون، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS) سمیت مختلف شعبوں کے درمیان بین الشعبہ جاتی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق یو ای ٹی مشترکہ سرگرمیوں کے لیے متعلقہ تعلیمی شعبہ جات، فیکلٹی اور طلبہ تک رسائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے کیمپسز میں منعقد ہونے والی مشترکہ سرگرمیوں کے لیے علمی، جگہ اور انتظامی معاونت فراہم کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے