چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر کا دورہ ء کوئٹہ— اعلیٰ تعلیمی ترقی کے لیے اہم پیش رفت۔۔۔۔۔۔۔۔ایچ ای سی ریجنل سینٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکت

کوئٹہ میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اپنے دورۂ کوئٹہ کے دوران ایچ ای سی ریجنل سینٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل بھی موجود تھے۔ ریجنل سینٹر کا قیام صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، تعلیمی سہولیات تک بہتر رسائی، اور جامعات، طلبہ و محققین کو مؤثر ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنے کی سمت ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا ہے۔
دورے کے دوران چیئرمین ایچ ای سی نے بلوچستان کی جامعات کے وائس چانسلرز سے بھی ملاقات کی، جس میں صوبے میں اعلیٰ تعلیم کی بہتری، درپیش چیلنجز اور مستقبل کی ترقیاتی حکمتِ عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
بعد ازاں چیئرمین نے بوئٹمزکا دورہ کیا، جہاں یونیورسٹی کی سینئر انتظامیہ کے ساتھ ملاقات میں بلوچستان میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے کردار، مواقع اور مسائل پر تبادلۂ خیال ہوا۔ اس موقع پر تعلیمی ترقی اور ادارہ جاتی بہتری کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
مزید برآں، کوئٹہ میں تعمیر نو ایجوکیشنل سسٹمکے دورے کے دوران چیئرمین نے طلبہ، اساتذہ، ماہرینِ تعلیم اور ادارہ جاتی قیادت سے ملاقات کی۔ انہوں نے ادارے کی معیاری تعلیم کے فروغ میں خدمات کو سراہا اور تعمیر نو یونیورسٹ کے قیام کے وژن کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایچ ای سی بلوچستان میں تعلیمی معیار، تحقیق، جدت اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا۔


