شعبہ ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز الکوثریونیورسٹی کراچی کے زیرِ اہتمام یومِ اقبال کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد۔۔۔۔وائس چانسلر داکٹر اطہر محبوب کا خصوصی خطاب
شعبہ ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز (H&SS) کے زیرِ اہتمام یومِ اقبال کی مناسبت سے ’’فلسفۂ اقبال اور تعلیم: خودی کی بیداری اور فرد کی بااختیاری‘‘ کے موضوع پر ایک علمی سیمینار منعقد کیا گیا۔سیمینار میں ممتاز ماہرینِ تعلیم اور دانشوروں نے شرکت کی اور علامہ محمد اقبال کے تصورِ تعلیم، خود شناسی، فکری و علمی ارتقا اور معاشرے کی تشکیل میں فرد کے کردار پر اظہارِ خیال کیا۔
مقررین نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ علامہ اقبال کا فلسفۂ تعلیم محض حصولِ علم تک محدود نہیں بلکہ یہ فرد میں خود اعتمادی، خودی، تخلیقی سوچ اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا شعور بیدار کرنے پر زور دیتا ہے۔سیمینار کے دوران فکرِ اقبال کی لازوال علمی و فکری میراث اور عصرِ حاضر کے تعلیمی تقاضوں کے تناظر میں اس کی اہمیت کا جائزہ لیا گیا۔ اس علمی نشست نے شرکاء کو اقبال کے افکار کی روشنی میں انسانی صلاحیتوں کے فروغ اور ایک باشعور معاشرے کی تشکیل پر غور و فکر کا موقع فراہم کیا۔