Skip to main content

https://ilmiatonline.com

سکالرشپ

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے سیرت چیئر کے زیرِ اہتمام اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی سرپرستی میں سیرت کوئز: اصحابِ بدرؓ کے تابندہ نقوش کے سلسلے میں زبانی کوئز مقابلے کا انعقاد

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے سیرت چیئر کے زیرِ اہتمام اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی سرپرستی میں سیرت کوئز: اصحابِ بدرؓ کے تابندہ نقوش کے سلسلے میں زبانی کوئز مقابلے کا انعقاد گھوٹوی ہال، عباسیہ کیمپس میں منعقد کیا گیا۔ اس مقابلے میں یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کے علاوہ جنوبی پنجاب کے دینی مدارس کے طلبا نے بھی بھرپور شرکت کی۔سیرت چیئر، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے، اسوۂ حسنہ ﷺ سے آگاہی کو فروغ دینے اور طلبا و طالبات سمیت معاشرے کے مختلف طبقات میں دینی شعور اور عملی وابستگی پیدا کرنے کے لیے تسلسل کے ساتھ علمی، تربیتی اور فکری سرگرمیوں کا انعقاد کر رہا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ’’سیرت کوئز: اصحابِ بدرؓ کے تابندہ نقوش‘‘ ہے، جس کے تحت یونیورسٹی طلبا و طالبات کے لیے کتاب کے اردو ترجمے اور جنوبی پنجاب کے دینی مدارس کے طلبہ کے لیے عربی متن ’’البدریون‘‘ کی بنیاد پر مقابلے کا اہتمام کیا گیا۔ اس کتاب کے مصنف سعودی عرب کی قصیم یونیورسٹی کے سابق ڈین پروفیسر ڈاکٹر سلیمان بن حمد العودہ ہیں۔مقابلے کے چیف جج ممتاز ماہرِ تعلیم و تربیت اور سرپرست اتالیق ٹریننگز الشیخ جہانگیر محمود تھے، جبکہ معاون ججز کے فرائض محمد وقاص سعید، پروجیکٹ لیڈر اتالیق ٹریننگز، اور ڈاکٹر حافظ قاری عزیز الرحمن، انچارج شعبہ ٹرانسلیشن اسٹڈیز، نے انجام دیے۔ تقریب کی نقابت اور نظامت کے فرائض شعبہ عربی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس خواجہ نے انجام دیے۔ اس موقع پر چیف جج الشیخ جہانگیر محمود نے سیرت چیئر کی علمی و تربیتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عصرِ حاضر کے مسائل کا حقیقی حل اسی وقت ممکن ہے جب ہم اصحابِ بدرؓ کے ایمان، عزم اور کردار سے رہنمائی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ دینداری محض دعوے کا نام نہیں بلکہ دین کی تعلیمات پر عملی طور پر کاربند ہونے کا تقاضا کرتی ہے۔ اسلام میں ہر فرد اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے جواب دہ ہے۔یونیورسٹی کے 12 طلبہ و طالبات نے زبانی کوئز مقابلے میں حصہ لیا۔ نتائج کے مطابق شعبہ قرآنک اسٹڈیز کی سٹوڈنٹ سائرہ نذیر نے پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے 50 ہزار روپے کا انعام حاصل کیا۔ شعبہ انگلش لٹریچر کی اسماء رفیق نے 40 ہزار روپے کے ساتھ دوسری، جبکہ شعبہ کیمسٹری کے محمد ذیشان نے 30 ہزار روپے کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔دیگر نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والوں میں شعبہ فوڈ سائنسز کی نور النساء نے چوتھی، شعبہ بایوٹیکنالوجی کی زکاء مناہل نے پانچویں اور شعبہ تاریخ کی نداء فاطمہ نے چھٹی اعزازی پوزیشن حاصل کی۔ ان تمام اعزازی پوزیشن ہولڈرز کو پانچ، پانچ ہزار روپے کے نقد انعامات سے نوازا گیا۔جنوبی پنجاب کے دینی مدارس سے تعلق رکھنے والے 23 طلبہ نے بھی عربی متن ’’البدریون‘‘ کی بنیاد پر منعقدہ مقابلے میں شرکت کی۔ اس مقابلے میں مرکز اعتدال لودھراں کے محمد یعقوب نے پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے 50 ہزار روپے کا انعام حاصل کیا۔ جامعہ اسلامیہ جدیدہ وہاڑی کے محمد اشفاق نے 40 ہزار روپے کے ساتھ دوسری، جبکہ دارالعلوم صدیقیہ، ڈیرہ غازی خان کے محمد اشفاق نے 30 ہزار روپے کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔مزید برآں جامعہ اسلامیہ ملتان کے محمد حمزہ اقبال نے چوتھی، مرکز اُم القریٰ ڈیرہ غازی خان کے عبد الباقی نے پانچویں اور جامعہ صادقیہ عباسیہ منچن آباد کے عبد الرؤف نے چھٹی اعزازی پوزیشن حاصل کی۔ تمام اعزازی پوزیشن ہولڈرز کو پانچ، پانچ ہزار روپے کے نقد انعامات دیے گئے۔تقریب کے صدارتی خطاب میں ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربک اسٹڈیز، پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن نے کہا کہ اس سرگرمی کا بنیادی مقصد طلبہ کے دلوں میں وہی شمعِ ایمان روشن کرنا ہے جس کی روشنی رسول اللہ ﷺ نے پھیلائی اور جس کے نتیجے میں اصحابِ بدرؓ جیسے عظیم المرتبت اور تابندہ کردار سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو سیرتِ نبوی ﷺ اور صحابہ کرامؓ کی حیاتِ مبارکہ سے روشنی حاصل کرتے ہوئے اپنی عملی زندگیوں کو سنوارنا چاہیے۔وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، پروفیسر انجینئر ڈاکٹر محمد کامران نے اپنے خطاب میں کہا کہ غزوۂ بدر اسلام کی سربلندی اور اس کے پیغامِ حق کے فروغ کی تاریخ کا ایک عظیم اور فیصلہ کن باب ہے۔ اصحابِ بدرؓ دینِ اسلام کے روشن ستارے ہیں، جن کا بے مثال ایمان، عزم و استقامت، اخلاص، ایثار و قربانی اور اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسہ آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ عصرِ حاضر میں ان عظیم شخصیات کی صفات کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے

۔ڈائریکٹر سیرت چیئر پروفیسر ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن نے اختتامی کلمات میں تمام شرکاء، اساتذہ کرام، معزز مہمانانِ گرامی اور معاونین کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سیرت چیئر آئندہ بھی سیرتِ طیبہ کے پیغام کو عام کرنے اور نوجوان نسل کی علمی و اخلاقی تربیت کے لیے ایسی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔تقریب میں سابق وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر کلثوم پراچہ، پروفیسر ڈاکٹر سعید الرحمن بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر انجینئر ڈاکٹر محمد امجد، شعبہ قرآنک اسٹڈیز کے پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الرحمن، چیئرمین شعبہ فقہ و شریعہ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید شیخ، چیئرمین شعبہ حدیث ڈاکٹر غلام حیدر مگھرانہ، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حافظ احمد علی، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سلطان محمود، ڈاکٹر محمد رمضان اشرف، ڈاکٹر ذوہیب احمد، ڈاکٹر شفقت الرحمن مغل، ڈاکٹر عبدالرؤف، ڈاکٹر محمد امین، ڈاکٹر صہیب جمیل، لیکچرر محمد ابراہیم سالک، ڈاکٹر امت الرحمن، ڈاکٹر محمد حماد، ڈاکٹر صدیقہ طاہرہ اور دیگر اساتذہ کرام نے شرکت کی۔آخر میں جاوید ملتانی اسسٹنٹ چالیس سالہ خدمات پر حسن کاکردگی اور محمد افضل گجر خطاط کو اعزازی شیلڈ دی گئی۔ تقریب کے اختتام پر انٹرنیشنل گیارہویں سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے دس تحقیقی مقالہ جات کے حوالے سے بھی تقسیمِ انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے مقالہ نگاروں کو انعامات سے نوازا گیا پہلی پوزیشن ڈاکٹر یاسمین نذیراسسٹنٹ پروفیسر شعبہ علوم اسلامیہ،  گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور، دوسری پوزیشن ڈاکٹر محمد خازر المجالی کلیة الشريعة جامعہ قطرڈاکٹر محمد اکرم چشتی اسسٹنٹ پروفیسر گورمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی گوجرانوالہ نے حاصل کی۔ 

0 Shares

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے