Skip to main content

https://ilmiatonline.com

قومی خبریں

پنجاب: اسکول ٹرپس اور تفریحی سرگرمیوں کے لیے حفاظتی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کا حکم

لاہور: سیکریٹری اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب محترمہ صاحبزادی وسیمہ عمر کی زیر صدارت ڈائریکٹرز پبلک انسٹرکشن (DPIs) اور ضلعی تعلیمی اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (CEOs) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں حالیہ واقعات کے تناظر میں اسکولوں کے مطالعاتی و تفریحی دوروں اور بیرونی سرگرمیوں کے دوران طلبہ و طالبات اور عملے کی حفاظت کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن نے ہدایت کی کہ اسکول ٹرپس کے حوالے سے جاری حفاظتی معیاری طریقہ کار (SOPs) پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے دوروں سے قبل متعلقہ حکام سے اجازت حاصل کرنے، طلبہ کی مناسب نگرانی، طلبہ اور اساتذہ کے مقررہ تناسب کو برقرار رکھنے اور استعمال ہونے والی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس سمیت تمام ضروری دستاویزات کی تصدیق لازمی قرار دی گئی۔

انہوں نے بالخصوص طالبات کے تحفظ کے لیے سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے اور ہر دورے کے بعد رپورٹ مرتب کرنے کا نظام وضع کرنے پر بھی زور دیا۔اجلاس میں اس امر پر بھی تاکید کی گئی کہ اسکولوں کی عمارتوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس صرف متعلقہ مستند اور مجاز اداروں سے حاصل کیے جائیں، جبکہ اسکولوں کی عمارتوں اور احاطوں کو نجی تقریبات یا غیر متعلقہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

سیکریٹری اسکول ایجوکیشن نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق طلبہ کی جان و سلامتی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام تعلیمی ادارے حفاظتی ضوابط اور جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔

Do you like this personality?

0 Shares

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے