سپریم کورٹ اور ایچ ای سی کے ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کے درمیان بھرتیوں کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط…….شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی بھرتیوں کے لیے مشترکہ امتحانی نظام متعارف کرانے کا فیصلہ؛ ایچ ای سی ٹیسٹنگ اور امتحانی انتظام کی خدمات فراہم کرے گی
اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل (ETC) اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے درمیان بھرتیوں کے لیے شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی امتحانی نظام قائم کرنے کی غرض سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔مفاہمتی یادداشت پر سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایڈیشنل رجسٹرار سہیل محمد لغاری اور ایچ ای سی کی ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد امتیاز حیدر نے دستخط کیے۔ تقریب میں سپریم کورٹ کے رجسٹرار، دیگر اعلیٰ افسران اور ایچ ای سی ٹیسٹنگ کونسل کے نمائندوں نے شرکت کی۔
معاہدے کے تحت ایچ ای سی کی ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل سپریم کورٹ کی بھرتیوں کے لیے پیشہ ورانہ ٹیسٹنگ، امتحانات کے انتظام اور امیدواروں کی جانچ و تشخیص کی خدمات فراہم کرے گی۔ اس تعاون کے ذریعے معیاری امتحانی طریقہ کار اور شفاف جانچ کے نظام کو فروغ دیا جائے گا، جس سے بھرتیوں کا عمل زیادہ منظم، مؤثر اور قابلِ اعتماد بنانے میں مدد ملے گی۔10 نومبر 2026ء سے مؤثر ہونے والی یہ مفاہمتی یادداشت باہمی طور پر طے شدہ شرائط کے تحت ایک سال کے لیے نافذ العمل رہے گی۔اس اشتراک کو دونوں قومی اداروں کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون کے فروغ، میرٹ و شفافیت کے اصولوں کے استحکام اور بھرتیوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔