پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام پاکستان کے سب سے بڑے تین روزہ کتاب میلے کاآغاز
کتاب سے دوری نئی نسل کے لیے مسائل پیدا کر سکتی ہے، نوجوانوں میں مطالعے کا رجحان بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے، ملک فیصل ایوب
صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ کتاب سے دوری نئی نسل کے لیے مسائل پیدا کر سکتی ہے، اس لیے نوجوانوں کو مطالعے کی جانب راغب کرنا اور انہیں کتاب سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام پاکستان کے سب سے بڑے تین روزہ کتاب میلے کی افتتاح تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم، سینئر فیکلٹی ممبران، انتظامی عہدیداران اور طلباؤطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کتاب میلے کے مختلف سٹالز کا دورہ کرتے ہوئے وہاں رکھی گئی کتابوں اور دیگر اشیاء میں دلچسپی کا اظہار کیا اور مختلف موضوعات پر مبنی کتابیں بھی خریدیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں سکرین پر کسی ایک موضوع یا سرگرمی پر مسلسل توجہ برقرار رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، جبکہ کتاب انسان کو یکسوئی، گہرائی اور تسلسل کے ساتھ مطالعے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ پنجاب یونیورسٹی میں کتاب میلے کا اتنا بھرپور انعقاد دیکھ کربہت خوشی ہوئی۔ کتاب میلے میں طلباؤ طالبات کی بڑی تعداد کی شرکت اور کتابوں میں ان کی دلچسپی حوصلہ افزا ہے۔ ایسی سرگرمیاں نوجوان نسل میں مطالعے کا شوق پیدا کرنے اور علم و تحقیق کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے جہاں بے شمار فوائد ہیں، وہاں ان کے استعمال سے بعض چیلنجز بھی سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کتاب میلوں اور اس نوعیت کی مثبت تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے ڈیجیٹل دور کے چیلنجز سے نمٹنے اور نوجوانوں میں علمی و فکری صلاحیتوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کتاب میلے میں طلبہ کے اسٹارٹ اپس اور نئے آئیڈیاز پر مبنی اسٹالز کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعات میں تعلیم کے ساتھ تخلیقی سوچ، جدت، کاروباری صلاحیتوں اور عملی مہارتوں کو فروغ دینا بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ طلباؤطالبات کی جانب سے اپنے نئے آئیڈیاز کو عملی شکل دینا خوش آئند ہے اور ایسے مواقع نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تین روزہ کتاب میلہ نیو کیمپس، فیصل آڈیٹوریم کے کاریڈور میں 15 سے 17 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

See less