Skip to main content

https://ilmiatonline.com

سکالرشپ

2030 کے بعد پائیدار ترقی کا مستقبل: مصنوعی ذہانت میں مقامی علم اور ترقی پذیر ممالک کی شمولیت ناگزیر…..جامعات کو مصنوعی ذہانت کی تحقیق، پالیسی سازی اور اخلاقی ضوابط کی تشکیل میں مرکزی کردار ادا کرنا ہوگا؛ مغربی ڈیٹا اور علمی ترجیحات پر انحصار ترقی پذیر ممالک کے لیے نئے علمی تفاوت کا باعث بن سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے 17 اہداف (SDGs) اور ان کے 169 ذیلی اہداف 31 دسمبر 2030 کو اپنی مدت مکمل کرلیں گے، جس کے بعد عالمی ترقی کے لیے نئے لائحہ عمل کی تشکیل ایک اہم چیلنج ہوگی۔ ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت (AI) مستقبل میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، تاہم اس کے مؤثر اور منصفانہ استعمال کے لیے مقامی علم، ثقافت، زبانوں اور ترقیاتی ترجیحات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

یونیورسٹی ورلڈ نیوز میں شائع ہونے والے ایک تجزیے میں جامعہ کیمبرج سے وابستہ محققین عبداللہ حسن سفیر اور ڈاکٹر رامیت دیبناتھ نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے نظام زیادہ تر انگریزی زبان اور مغربی معاشروں کے ڈیٹا پر تربیت یافتہ ہیں، جس کے باعث ترقی پذیر ممالک، بالخصوص کم اور متوسط آمدنی والے ممالک، کی زبانوں، ثقافتی اقدار اور مقامی ضروریات کی مناسب نمائندگی نہیں ہو پاتی۔

تحقیق کے مطابق مصنوعی ذہانت صحت، زراعت، غذائیت، توانائی اور تعلیمی شعبوں میں نمایاں امکانات رکھتی ہے۔ روانڈا میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے، بھارت میں غذائی قلت کی نشاندہی، کینیا میں جدید زرعی طریقوں اور ڈنمارک و سنگاپور میں توانائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اس ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ ایک مطالعاتی تخمینے کے مطابق مصنوعی ذہانت پائیدار ترقی کے 79 فیصد اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔تاہم محققین نے تین بنیادی مسائل کی نشاندہی کی ہے: اول، مصنوعی ذہانت کی تیاری میں کس خطے اور کس زبان کے علم کو ترجیح دی جاتی ہے؛ دوم، اس ٹیکنالوجی کے استعمال اور ترقیاتی ترجیحات کا تعین کون کرتا ہے؛ اور سوم، مصنوعی ذہانت کے اخلاقی اصول اور عالمی ضوابط کن معاشروں کے نقطۂ نظر سے تشکیل دیے جاتے ہیں۔

تجزیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کے پاس معیاری ڈیٹا، جدید کمپیوٹنگ سہولیات، مالی وسائل اور تحقیقی استعداد کی کمی ہے۔ دوسری جانب عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت میں سرمایہ کاری اور تحقیق چند ترقی یافتہ ممالک اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں تک محدود ہے۔ اس صورت حال میں مقامی جامعات اور ادارے ٹیکنالوجی کی تیاری اور پالیسی سازی میں شراکت دار بننے کے بجائے محض صارفین بن کر رہ سکتے ہیں۔

محققین نے بنگلہ دیش کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر مقامی چھوٹے کاشت کاروں کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی زرعی مشاورت کا نظام صنعتی زراعت کے ڈیٹا پر تیار کیا جائے تو اس کی سفارشات مقامی موسمی حالات اور چھوٹے کاشت کاروں کی ضروریات سے مطابقت نہیں رکھ سکتیں، جس سے فصلوں اور کسانوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔تحقیق میں جامعات کو اس مسئلے کے حل میں بنیادی کردار ادا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ کمپیوٹر سائنس، سماجی علوم اور مختلف شعبہ جاتی ماہرین کو مشترکہ تحقیق کے مواقع فراہم کرنے، مقامی شراکت داروں کے ساتھ ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کے ماڈلز تیار کرنے اور ترقی پذیر ممالک میں تحقیقی صلاحیت بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔محققین کے مطابق 2030 کے بعد پائیدار ترقی کا ایجنڈا تشکیل دیتے وقت یہ یقینی بنانا ہوگا کہ مصنوعی ذہانت کے فوائد تمام معاشروں تک پہنچیں، مقامی آبادیوں کو فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے اور ٹیکنالوجی کے اخراجات و فوائد کی منصفانہ تقسیم ہو۔ ان کے نزدیک مصنوعی ذہانت کا مستقبل صرف جدید ٹیکنالوجی کی ترقی سے نہیں بلکہ اس علم، تجربے اور انسانی تنوع سے بھی وابستہ ہے جس کی بنیاد پر یہ ٹیکنالوجی تشکیل دی جاتی ہے۔

ماخذ: یونیورسٹی ورلڈ نیوز، 6 نومبر 2026ء۔ تجزیہ نگار: عبداللہ حسن سفیر اور ڈاکٹر رامیت دیبناتھ، جامعہ کیمبرج۔

0 Shares

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے