ہونہار پن ٹیک ایکسپو 2026 کا افتتاح، نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کا عزم……..پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام دو روزہ نمائش کا آغاز، طلبہ، جامعات، صنعتی اداروں اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر دیا گیا۔
لاہور: پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (پی ایچ ای سی) کے زیر اہتمام ’’ہونہار پن ٹیک ایکسپو 2026‘‘ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کے ساتھ ہی جدت، تخلیقی صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے دو روزہ نمائش کا آغاز ہوگیا۔ایکسپو میں باصلاحیت طلبہ، ممتاز جامعات، صنعتی اداروں کے نمائندوں اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے، جہاں طلبہ اپنی تخلیقی سوچ، جدید منصوبوں اور اختراعی تصورات پیش کر رہے ہیں، جبکہ صنعت و کاروبار کے نئے مواقع تلاش کرنے اور نوجوانوں میں کاروباری رجحان (انٹرپرینیورشپ) کو فروغ دینے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

افتتاحی سیشن سے خطاب میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے، اختراعی سوچ کی حوصلہ افزائی اور جامعات و صنعتی شعبے کے درمیان روابط مضبوط بنانے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ایکسپو کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور پنجاب کو ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔