اعلیٰ تعلیمی اداروں میں منشیات اور تمباکو کے استعمال کی روک تھام، ایچ ای سی کا اجلاس
اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری/وفاقی علاقے میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں منشیات اور تمباکو کے استعمال کی روک تھام سے متعلق ایچ ای سی پالیسی 2021 پر عملدرآمد اور نگرانی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد کیا۔اجلاس کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ضیاء الحق نے کی، جبکہ ایچ ای سی کے متعلقہ حکام اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پولیس کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی باقاعدہ نگرانی، پالیسی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے، اس حوالے سے موجود خامیوں اور خلا کی نشاندہی، اداروں کے درمیان رابطہ کاری مضبوط بنانے اور طلبہ میں آگاہی و انسدادی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ڈاکٹر ضیاء الحق نے اس امر پر زور دیا کہ جامعات اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں منشیات اور تمباکو کے استعمال کی روک تھام کے لیے ایچ ای سی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تعلیمی اداروں کو مسلسل اور مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کو منشیات اور تمباکو کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ انہیں صحت مند اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو محفوظ، صحت مند اور منشیات سے پاک تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں گے۔
