یو ای ٹی لاہور میں 107 کمروں پر مشتمل علی مردان ہال کا افتتاح کر دیا گیا……
لاہور ( ) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور میں علی مردان ہال کی تزئین و آرائش اور بحالی کا کام مکمل ہونے کے بعد اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے علی مردان ہال کا افتتاح کیا۔ ہال 107 کمروں پر مشتمل ہے جبکہ اس کی بحالی اور تزئین و آرائش پر تقریباً 92 ملین روپے لاگت آئی ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ علی مردان ہال یو ای ٹی لاہور کا ایک قدیم اثاثہ ہے، جسے مسمار کرنے کے بجائے اس کی تاریخی اہمیت اور افادیت کو برقرار رکھتے ہوئے بحال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے قدیم اثاثوں کا تحفظ اور انہیں جدید ضروریات کے مطابق قابلِ استعمال بنانا انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی مردان ہال کی بحالی سے نہ صرف یونیورسٹی کے قیمتی انفراسٹرکچر کو محفوظ کیا گیا ہے بلکہ طلبہ کے لیے رہائشی سہولیات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ 107 کمروں پر مشتمل اس ہاسٹل کو بوائز ہاسٹل سے گرلز ہاسٹل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جس سے طالبات کے لیے رہائش کی اضافی سہولت میسر آئے گی۔وائس چانسلر نے کہا کہ یو ای ٹی لاہور میں طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول کے ساتھ معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ قدیم عمارات کی بحالی، ہاسٹلز کی اپ گریڈیشن اور کیمپس کے بنیادی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اسی سلسلے کی کڑی ہے۔