احسن اقبال اور چیئرمین پی ایچ ای سی کی ملاقات، پنجاب میں اعلیٰ تعلیم، تحقیقی منصوبوں اور جامعاتی اصلاحات پر غور
نارووال: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اور ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن پروفیسر احسن اقبال اور چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (پی ایچ ای سی) پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان کے درمیان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) نارووال میں ملاقات ہوئی، جس میں پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، تحقیقی سرگرمیوں اور جامعاتی اصلاحات سے متعلق اہم ترجیحات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔اجلاس میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت جاری 27 منصوبوں کی نگرانی، ہونہار پن ٹیک ایکسپو 2026 کی تیاریوں، عالمی روابط کے پروگرام اور بین الاقوامی ماہرین کے نیٹ ورکس کو وسعت دینے کے امور زیرِ غور آئے۔ ہونہار پن ٹیک ایکسپو 14 اور 15 نومبر 2026 کو منعقد ہوگی۔
ملاقات میں یو ای ٹی نارووال سے متعلق مجوزہ قانون (ایکٹ)، جو پنجاب اسمبلی میں زیرِ غور ہے، یونیورسٹی پے اسکیل کے نظام میں اصلاحات اور تحقیق و ترقی کے لیے 10 کلسٹرز کے قیام پر بھی گفتگو کی گئی۔شرکا نے اس امر پر زور دیا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری، اسٹریٹجک شراکت داری اور پالیسی اقدامات کا تسلسل ضروری ہے، تاکہ پنجاب میں تحقیق، جدت اور تعلیمی معیار کو فروغ دیا جا سکے۔