یو ای ٹی لاہور میں تعمیر نو کے بعد سوئمنگ پول دوبارہ فعال، وائس چانسلر نے افتتاح کر دیا

یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے مکمل تعمیرِ نو اور تزئین و آرائش کے بعد یونیورسٹی کے سوئمنگ پول کا افتتاح کر دیا، جس کے بعد یہ سہولت دوبارہ طلبہ کے استعمال کیلئے کھول دی گئی ہے۔
سوئمنگ پول کی ازسرِنو تعمیر اور بہتری کے منصوبے پر 8 ملین روپے کی لاگت آئی ہے۔ منصوبے کا مقصد طلبہ کو کھیلوں، جسمانی فٹنس اور تفریحی سرگرمیوں کیلئے محفوظ، معیاری اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ جس سے طلبہ میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ ملے گا اور ہم نصابی سرگرمیوں کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ یونیورسٹی کا مشن صرف معیاری تعلیم کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی، جسمانی نشوونما اور ذہنی آسودگی کو بھی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئمنگ پول کی بحالی طلبہ دوست ماحول کی فراہمی اور کیمپس میں کھیلوں و تفریحی سہولیات کے فروغ کیلئے یونیورسٹی انتظامیہ کے عزم کا عملی مظہر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کی فلاح و بہبود اور خوشحالی یو ای ٹی لاہور کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ یہ سوئمنگ پول طلبہ کو صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے، باہمی روابط کو مضبوط بنانے اور متوازن تعلیمی و سماجی زندگی گزارنے کے بہتر مواقع فراہم کرے گا۔