سیرت چیئر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیرِ اہتمام، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر انجینئر ڈاکٹر محمد کامران کی سرپرستی میں خواجہ غلام فرید آڈیٹوریم، بغداد الجدید کیمپس میں ایک پروقار سیرت النبی ﷺ سیمینار کا انعقاد
سیرت چیئر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیرِ اہتمام، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر انجینئر ڈاکٹر محمد کامران کی سرپرستی میں خواجہ غلام فرید آڈیٹوریم، بغداد الجدید کیمپس میں ایک پروقار سیرت النبی ﷺ سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کا موضوع ’’تعمیرِ معاشرہ میں تعلق باللہ کی اہمیت‘‘ تھا، جس میں معروف مذہبی و سماجی شخصیت اور لیجنڈری کرکٹر سعید انور نے بطور مہمانِ مقرر شرکت کی۔سیرتِ طیبہ ﷺ پوری انسانیت کے لیے ہدایت و رہنمائی کا سرچشمہ اور زندگی کے ہر شعبے کے لیے ایک کامل نمونہ ہے۔ اسی آفاقی پیغام کو عام کرنے، اسوۂ حسنہ ﷺ سے آگاہی کو فروغ دینے اور معاشرے کے مختلف طبقات میں دینی شعور اور عملی وابستگی پیدا کرنے کے لیے سیرت چیئر، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، تسلسل کے ساتھ علمی، تربیتی اور فکری سرگرمیوں کا اہتمام کر رہا ہے۔ زیرِ نظر سیمینار بھی اسی سلسلۂ علم و آگہی کی ایک اہم کڑی تھا۔ سیمینار کی نقابت کے فرائض شعبہ اسلامیات کے لیکچرر ڈاکٹر صہیب جمیل نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔مہمانِ مقرر سعید انور نے اپنے خطاب میں سیرت چیئر کی علمی، فکری اور تربیتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عصرِ حاضر کے مسائل اور چیلنجز کا حقیقی حل اللہ تعالیٰ کے ساتھ مضبوط تعلق استوار کرنے، رسول اکرم ﷺ کی سنت و تعلیمات کو اپنی زندگی کا محور بنانے اور رضائے الٰہی کے حصول کے لیے انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنانے میں مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ دین داری محض زبانی دعووں یا رسمی عبادات تک محدود نہیں، بلکہ اس کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ انسان دین کی تعلیمات کو اپنے کردار، معاملات اور عملی زندگی میں نافذ کرے۔ موجودہ دور کے فکری و عملی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم نبوی تعلیمات کی حقیقی روح کو سمجھیں اور انہیں اپنے تعلیمی، تربیتی اور انتظامی نظام کا بنیادی حصہ بنائیں۔سعید انور نے مزید کہا کہ دعوت و تبلیغ کا بنیادی مقصد امتِ مسلمہ کے دلوں میں ایمان کی شمع کو روشن کرنا اور انہیں اس پیغامِ ہدایت سے روشناس کرانا ہے جس کے ذریعے رسول اللہ ﷺ نے ظلمت میں ڈوبے معاشرے کو حق، ہدایت اور روشنی کی راہ دکھائی۔ آپ ﷺ کی سیرتِ مبارکہ ہر دور کے انسان کے لیے مشعلِ راہ اور زندگی گزارنے کا کامل دستور ہے۔انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مسلم معاشرے کے افکار کو نورِ نبوت سے منور اور اعمال کو سنتِ نبوی ﷺ کے سانچے میں ڈھالنے کی اشد ضرورت ہے۔ بالخصوص نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ سیرتِ رسول اکرم ﷺ اور صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی پاکیزہ زندگیوں سے رہنمائی حاصل کرے اور ان کے اعلیٰ اخلاق و کردار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا کر اپنی شخصیت اور معاشرے کی اصلاح میں کردار ادا کرے۔ڈائریکٹر سیرت چیئر، پروفیسر ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن نے اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی، معزز مقرر، اساتذہ کرام، طلبہ اور دیگر شرکائے سیمینار کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیرت چیئر، سیرتِ نبوی ﷺ کے پیغام کو عام کرنے اور بالخصوص نوجوان نسل کی علمی، فکری، اخلاقی اور روحانی تربیت کے لیے آئندہ بھی ایسی بامقصد علمی و تربیتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔انہوں نے شرکائے سیمینار پر زور دیا کہ وہ دینی و عصری تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ نئی نسل میں اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق، اتباعِ سنت اور اعلیٰ اخلاق و کردار کی اہمیت کو بھی اجاگر کریں، کیونکہ ایک صالح اور مضبوط معاشرے کی تشکیل کا بنیادی راستہ تعلق باللہ اور سیرتِ نبوی ﷺ کی عملی پیروی سے ہو کر گزرتا ہے۔سیمینار میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے مختلف فیکلٹیز کے ڈینز جن میں پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن، ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربک اسٹڈیز، پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد، ڈین فیکلٹی آف نیو انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ، پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم، ڈین فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ بائیولوجکل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفٰی، ڈین فیکلٹی آف فزیکل اینڈ میتھمیٹیکل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر عامر سہیل، ڈین فیکلٹی آف آرٹس سمیت مختلف شعبہ جات کے چیئرمین و چیئرپرسنز، سینئر اساتذہ کرام، طلبہ و طالبات، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا اختتام ملک و ملت کی سلامتی، امتِ مسلمہ کی سربلندی اور معاشرے میں دینی و اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے خصوصی دعائیہ کلمات پر ہوا۔ سیمینار سے قبل وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر انجینئر ڈاکٹر محمد کامران کی معروف مذہبی و سماجی شخصیت اور لیجنڈری کرکٹر سعید انور سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت پر جامع گفتگو کی۔اس ملاقات میں ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن، ڈائریکٹر سیرت چیئر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پروفیسر ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن، سابق ایکٹر وماڈل عثمان بیگ، رٹائرڈ آرمی آفیسرز برگیڈیر عبد الحئ اور کرنل عبد الصمد، جامعہ بیت النور کے مدیر مولانا اویس ستار نے بھی شرکت کی اور مہمان خصوصی سعید انور کو سیرت چیئر کی طرف سے اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔