جامعات کے انتظامی امور میں مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال کے لیے ایچ ای سی کا آن لائن تربیتی سیشن…….خیبرپختونخوا کی سرکاری و نجی جامعات کے غیر تدریسی عملے کو جنریٹو اے آئی کے استعمال، دفتری کارکردگی میں بہتری، ڈیٹا پرائیویسی اور اخلاقی تقاضوں سے آگاہ کیا گیا۔
پشاور: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ریجنل سینٹر پشاور کے زیر اہتمام خیبرپختونخوا کی سرکاری و نجی جامعات کے غیر تدریسی عملے کے لیے ’’تعلیمی و انتظامی مقاصد کے لیے جنریٹو مصنوعی ذہانت: بہترین طریقہ ہائے استعمال اور حدود‘‘ کے موضوع پر آن لائن آگاہی و تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔سیشن میں شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور کی اسسٹنٹ پروفیسر اور خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (KPITB) کی ٹرینر ڈاکٹر برخنہ نے مصنوعی ذہانت کے مختلف ٹولز کے عملی استعمال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے جامعات کے انتظامی امور میں بہتری، دفتری کارکردگی میں اضافہ اور عملے کی ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مصنوعی ذہانت کے استعمال کے دوران اخلاقی اصولوں کی پاسداری، معلومات کے تحفظ، ڈیٹا پرائیویسی اور اس ٹیکنالوجی کی عملی و تکنیکی حدود کو سمجھنے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔اس موقع پر شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایچ ای سی ریجنل سینٹر پشاور کے انچارج شفیع الرحمٰن نے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مصنوعی ذہانت سے متعلق آگاہی پیدا کرنے اور اس ٹیکنالوجی کے مؤثر و ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ اقدام اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کے فروغ اور جامعات کے تدریسی و غیر تدریسی عملے کی تکنیکی استعداد کار بڑھانے کے لیے ایچ ای سی کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔