Skip to main content

https://ilmiatonline.com

سکالرشپ

پاکستان میں غذائی قلت کے خاتمے کے لیے جامعات، تحقیقی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کا مؤثر کردار ناگزیر ہے: چیئرمین پی ایچ ای سی ……ملک میں 40 فیصد سے زائد بچوں اور خواتین غذائی قلت سے متاثر ہیں، پالیسی سازی، تحقیق، جدت اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے غذائی تحفظ یقینی بنایا جائے، پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان

فیصل آباد: چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (پی ایچ ای سی) پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان (HI, SI) نے کہا ہے کہ پاکستان میں غذائی قلت کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جامعات، تحقیقی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کو اپنا کردار مزید مؤثر بنانا ہوگا۔ غربت اور غذائی عدم تحفظ کے باعث ملک میں 40 فیصد سے زائد بچے اور خواتین غذائی قلت سے متاثر ہیں، جس کے تدارک کے لیے مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔وہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد (UAF) کے پاک کوریا نیوٹریشن سینٹر (PKNC) کے زیر اہتمام سینٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز میں منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کا موضوع ’’شراکت داری اور پالیسی کے ذریعے غذائیت کا فروغ‘‘ تھا۔

پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا کہ غذائی قلت کا مسئلہ صرف خوراک کی پیداوار بڑھانے سے حل نہیں ہو سکتا بلکہ اس کے لیے تحقیق، جدت، مؤثر پالیسی سازی اور مختلف اداروں کے درمیان مضبوط اشتراک ضروری ہے۔ انہوں نے پاک کوریا نیوٹریشن سینٹر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے استعداد کار میں اضافے، خوراک کے ضیاع میں کمی اور غذائی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے پاک کوریا نیوٹریشن سینٹر کے وژن میں آنے والی تبدیلی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ادارے نے ابتدا میں زرعی پیداوار اور ون ہیلتھ (One Health) کے تصور پر توجہ مرکوز رکھی، تاہم وقت کے ساتھ ترقیاتی حکمت عملی میں غذائیت کے ایک مستقل اور خصوصی شعبے کی اہمیت کو بھی تسلیم کیا گیا۔

چیئرمین پی ایچ ای سی نے مزید کہا کہ پاکستان کو صحت مند اور غذائی طور پر محفوظ معاشرہ بنانے کے لیے جامعات اور تحقیقی اداروں کو پالیسی ساز اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر قابلِ عمل حل پیش کرنا ہوں گے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ سائنسی تحقیق اور ادارہ جاتی شراکت داری کو قومی غذائی پالیسی کا اہم حصہ بنایا جائے تاکہ غذائی قلت کے مسئلے پر مؤثر قابو پایا جا سکے۔

0 Shares

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے