Skip to main content

https://ilmiatonline.com

قومی خبریں

یومِ اقبال پر وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور کا مزارِ اقبال پر حاضری، فلسفۂ خودی اور فکری آزادی کے پیغام کو نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ قرار دے دیا

لاہور (9 نومبر 2026): یومِ اقبال کے موقع پر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر (تمغۂ امتیاز) نے یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر، ڈینز، اساتذہ اور انتظامی افسران کے ہمراہ مزارِ علامہ محمد اقبال پر حاضری دی اور شاعرِ مشرق کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے وائس چانسلر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے وفد کے ہمراہ مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وائس چانسلر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے اور علامہ اقبال کی فکری، فلسفیانہ اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفۂ خودی انسان میں خود اعتمادی، خود شناسی، آزادیِ فکر اور ہر قسم کی ذہنی و فکری غلامی سے نجات کا درس دیتا ہے۔ اقبال کا پیغام محض شاعری اور فلسفے تک محدود نہیں بلکہ افراد اور اقوام کے لیے خودی، عزتِ نفس اور بامقصد جدوجہد کا مکمل تصور پیش کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید سائنسی اور تکنیکی ترقی کے دور میں نوجوان نسل کو انجینئرنگ، ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدید علوم میں مہارت حاصل کرنے کے ساتھ اپنی تہذیبی شناخت، اخلاقی اقدار اور فکری ورثے سے بھی وابستہ رہنا چاہیے۔ قومیں اسی وقت پائیدار ترقی حاصل کرتی ہیں جب سائنسی علم اور جدت کے ساتھ فکری خودمختاری اور اخلاقی قوت بھی موجود ہو۔

وائس چانسلر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یو ای ٹی لاہور طلبہ میں علم، تحقیق، اختراع، خود انحصاری اور کردار سازی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ علامہ اقبال کے تصورِ خودی کو عملی شکل دیتے ہوئے ایک باصلاحیت، خود اعتماد اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ نسل تیار کی جا سکے۔

0 Shares

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے