Skip to main content

https://ilmiatonline.com

سکالرشپ

علامہ اقبال کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات پنجاب یونیورسٹی میں سال بھر منائی جائیں گی، وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کا اعلان

لاہور (9نومبر،سوموار):پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے اعلان کیا ہے کہ علامہ محمد اقبال کی 150ویں سالگرہ کے سلسلے میں جامعہ پنجاب میں سال بھر تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی فکر، فلسفے، شاعری اور قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام علامہ اقبال کیمپس میں یوم اقبال کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی، سینئر صحافی سلمان غنی، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر محمود سلیم، ڈائریکٹر جنرل ریحان صادق شیخ، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر شاہزیب خان، ڈینز، صدور شعبہ جات اور اساتذہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ ماضی میں علامہ اقبال کی 100ویں سالگرہ کی تقریبات بھی جامعہ پنجاب میں منعقد کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال جامعہ پنجاب کے طالبعلم، معلم، محقق، ممتحن اور نصاب ساز رہے ہیں، جو اس ادارے کے لیے ایک تاریخی اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال عظیم مفکر، شاعر، اسلامی سکالر، صوفی اور سیاستدان تھے۔ دنیا میں جتنی عظیم شخصیات پیدا ہوئیں، علامہ اقبال ان میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ ان کی فکر اور فلسفے کا مکمل احاطہ کرنا ممکن نہیں اور ہم انہیں ان کے شایان شان خراج تحسین پیش کرنے سے بھی قاصر ہیں۔

ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کو علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں پاکستانیت کا مرکز بنائیں گے۔ انہوں نے علامہ اقبال کے شعر ”جوانوں کو پیروں کا استاد کر“ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جامعات نوجوانوں کو اس قابل بنائیں کہ وہ نظریہ اقبال کی روشنی میں معاشرے کی رہنمائی کر سکیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ نوجوانوں کو ترقی یافتہ اور پُرامن پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جامعات سے وابستہ تمام افراد کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔ تقریب کے دوران پنجاب یونیورسٹی کی میوزک سوسائٹی نے کلام اقبال پیش کیا۔ جسے حاضرین محفل نے خوب سراہا۔ کلام کا اختتام لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری پہ کیا گیا جو حاضرین نے مل کر پڑھا۔ بعد ازاں وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے کالج آف فارمیسی میں اقبال گیلری کا دورہ بھی کیا۔

See less

0 Shares

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے