Skip to main content

https://ilmiatonline.com

قومی خبریں

نسٹ کانووکیشن ویک 2026 کا آغاز، احسن اقبال کا گریجویٹس کو معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا پیغام…..نسٹ کے کانووکیشن ویک کے دوران مجموعی طور پر 5,403 گریجویٹس کو مختلف شعبوں میں بی ایس، ایم ایس اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی جا رہی ہیں۔

اسلام آباد: نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں سالانہ کانووکیشن ویک 2026 کا آغاز ہوگیا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ماسٹرز کانووکیشن کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے گریجویٹس میں میڈلز تقسیم کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے فارغ التحصیل طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد دی۔ انہوں نے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ صرف مادی کامیابی اور دولت کے حصول کو زندگی کا مقصد نہ بنائیں بلکہ معاشرے کے لیے اپنی خدمات اور مثبت کردار کے ذریعے ایک قابلِ قدر میراث قائم کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حقیقی خوشی دولت اور مادی اشیا میں نہیں بلکہ دوسروں کی زندگیوں میں بامعنی تبدیلی لانے میں ہے۔ انہوں نے گریجویٹس کو ترغیب دی کہ وہ خود سے یہ سوال کریں کہ ان کی موجودگی سے دنیا کس طرح ایک بہتر جگہ بن سکتی ہے۔اس موقع پر نسٹ کے ریکٹر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ نسٹ میں تعلیم کو محض معلومات کی منتقلی نہیں بلکہ کردار سازی، ہمدردی اور اخلاقی اقدار کو مضبوط بنانے کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کی حقیقی کامیابی کا اندازہ صرف ان کی حاصل کردہ ڈگریوں اور عہدوں سے نہیں، بلکہ ان لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی، معاشرتی بہتری اور قومی اداروں کی ترقی میں ان کے کردار سے لگایا جائے گا۔

نسٹ کے کانووکیشن ویک کے دوران مجموعی طور پر 5,403 گریجویٹس کو مختلف شعبوں میں بی ایس، ایم ایس اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی جا رہی ہیں۔ ان شعبوں میں انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنسز، قانون، مینجمنٹ سائنسز، بزنس اسٹڈیز، اپلائیڈ بایوسائنسز، ملٹری آرٹ اینڈ سائنس، آرکیٹیکچر اور انڈسٹریل ڈیزائن شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے