Skip to main content

https://ilmiatonline.com

قومی خبریں

پنجاب کی جامعات میں کارکردگی پر مبنی درجہ بندی، ضوابط اور تحقیقی معیار کے امور پرچیئرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر اقرار احمد خان کی زیر صدارت اہم اجلاس……ہونہار اسکالرشپ، پنٹیک ایکسپو 2026، اساتذہ کے کیریئر فریم ورک اور تحقیقی دیانت داری پر غور

لاہور: پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (پی ایچ ای سی) کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان کی زیر صدارت 21 اکتوبر 2026 کو پنجاب کی سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز، ریکٹرز اور نمائندوں کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے سے متعلق اہم پالیسی، انتظامی، قانونی اور تحقیقی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے آغاز میں چیئرمین پی ایچ ای سی کی مرحومہ اہلیہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ شرکا نے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت اور چیئرمین سے اظہارِ تعزیت کیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب ہونہار اسکالرشپ پروگرام، آئندہ منعقد ہونے والی ہونہار پنجاب انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی (PINTECH) ایکسپو 2026 اور جامعات میں رجسٹرار، خزانچی اور کنٹرولر امتحانات کی تقرریوں کے لیے مجوزہ قانونی فریم ورک پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ جامعات میں کلیدی کارکردگی اشاریوں (KPIs) کے نفاذ اور کارکردگی کی بنیاد پر درجہ بندی (PBR) کے نظام پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔شرکا نے پی ایچ ای سی کے ریگولیٹری اور ایکریڈیٹیشن اختیارات، اساتذہ کے لیے مجوزہ خصوصی مسابقتی پے اسکیل (SCPS) اور کیریئر فریم ورک، جبکہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت مالی اعانت سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور جانچ کے امور کا بھی جائزہ لیا۔

اجلاس میں پی ایچ ڈی کے مقالوں کی جانچ کے لیے کلیئر پلس (Clear Plus) کے استعمال اور واپس لیے جانے والے تحقیقی مقالوں (Retracted Publications) سے متعلق جامعات کے ادارہ جاتی ردعمل پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس ضمن میں تحقیقی دیانت داری، علمی معیار اور جامعات کی جواب دہی کی اہمیت اجاگر ہوئی۔اجلاس کو پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کے اداروں کے درمیان مشاورت اور رابطہ کاری کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا گیا۔ شرکا نے اس امر پر زور دیا کہ مؤثر انتظامی نظام، یکساں اور مربوط ضابطہ کاری، کارکردگی پر مبنی جائزے اور تحقیق کے اعلیٰ معیارات کے ذریعے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے معیار، افادیت اور عالمی مسابقت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے