لاہور (نمائندہ خصوصی) — لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی کے شعبہ اپلائیڈ سائیکالوجی نے پاکستان سائیکالوجیکل ایسوسی ایشن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر کے پاکستان میں نفسیات کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔یہ معاہدہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی بصیرت افروز قیادت میں طے پایا، جبکہ پی پی اے کی صدر پروفیسر ڈاکٹر رافیہ رفیق نے ادارے کی نمائندگی کرتے ہوئے اس اسٹریٹیجک اشتراک کو باضابطہ شکل دی۔

اس اہم اقدام کی قیادت شعبہ اپلائیڈ سائیکالوجی کی چیئرپرسن و ڈائریکٹر وِل، پروفیسر ڈاکٹر آمنہ معظم نے کی، جن کی کاوشوں سے یہ اشتراک ممکن ہوا۔پاکستان سائیکالوجیکل ایسوسی ایشن، جو ملک میں نفسیات کی نمائندہ اور واحد قومی تنظیم ہے، 100 سے زائد اداروں—جن میں کلینکس، ہسپتال اور تعلیمی ادارے شامل ہیں—کے وسیع نیٹ ورک کی حامل ہے۔ اس اشتراک کے نتیجے میں قومی و بین الاقوامی سطح پر تحقیق، تربیت اور پیشہ ورانہ روابط کو فروغ ملے گا۔