4
پنجاب یونیورسٹی لائبریری بک کلب کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ کتاب و کاپی رائٹ کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مطالعہ کے فروغ اور علمی سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر لائبریری کے سب سے باقاعدہ قارئین ’سالانہ بک لوور ایوارڈ 2026‘بھی پیش کیا گیا۔تقریب میں چیف لائبریرین محمد آصف خان، ڈائریکٹرشعبہ امور طلبہ ڈاکٹر شاہزیب خان، معروف ماہرِ تعلیم ڈاکٹر راشد محمود، اساتذہ، طلبہ اور کمیونٹی کے دیگر افراد نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں محمد آصف خان نے معزز مہمانوں، شرکاء، طلبہ اور اساتذہ کا تقریب کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لائبریری ایسے اقدامات کے ذریعے تحقیق، مطالعہ اور فکری ترقی کو فروغ دیتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب کتابوں اور مطالعہ کی عادات کے تعلیمی اور سماجی ترقی میں اہم کردار کو اجاگر کرتی ہے۔ڈاکٹرشاہزیب خان نے اپنے خطاب میں ذاتی نشوونما اور قومی تعمیر میں مطالعہ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی لائبریری اور بک کلب کی کوششوں کو سراہا، جو کیمپس میں مطالعہ کے کلچر کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو ترغیب دی کہ وہ علم اور تنقیدی سوچ کو بڑھانے کے لیے کتابوں اور لائبریریوں سے مستقل تعلق قائم کریں۔ ڈاکٹر راشد محمود نے کتابوں کی فکری نشوونما، کردار سازی اور سماجی شعور میں تبدیلی لانے کی طاقت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ایک ترقی پسند معاشرے کے لیے مطالعہ کے کلچر کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔تقریب کے اختتام پر’بک لوور ایوارڈز‘پیش کیے گئے، جن کے ذریعے لائبریری کے دس نمایاں اور فعال صارفین کو ان کی مسلسل مطالعہ کی عادت اور لائبریری وسائل کے مؤثر استعمال پر سراہا گیا۔ یہ ایوارڈز ان کی علمی لگن اور ادبی وابستگی کے اعتراف کے طور پر دیے گئے۔