پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف کامرس کے لیکچرارحافظ فواد علی نے اٹلی کے شہر فلورنس میں منعقد ہونے والا پروگرام ’فیرینزے 12واں ونٹر سکول برائے ریسرچ میتھڈالوجی اِن سوشل سائنسز، اربن سٹڈیز اینڈ اسپیشل پلاننگ‘ کامیابی سے مکمل کر لیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ’ٹریننگ سکول آن اپلائیڈ اونٹولوجی فار کنسیپچول اینالیسس اینڈ سسٹمیٹائزیشن‘میں بھی شرکت کی۔یہ پروگرام فلورنس کی یونیورسٹی،ڈگلی سٹڈی ڈی فیرینزے کی میزبانی میں منعقد ہوا جسے یورپی اربن ریسرچ ایسوسی ایشن (یورا) اور اٹلی کی کئی جامعات کی معاونت حاصل تھی۔ اس پروگرام کا مقصد کلیدی لیکچرز، ورکشاپس اور تحقیقی طریقہ کار کی تربیت کے ذریعے تحقیقاتی صلاحیتوں کو فروغ دینا تھا۔ونٹر سکول کے دوران شرکاء کو کلاسیکی اور جدید تحقیقی طریقہ کار، عملی تجزیاتی آلات اور باہمی سیکھنے کی حکمت عملیوں سے روشناس کرایا گیا۔ یہ تربیت عالمی شہرت یافتہ سکالرز کی نگرانی میں منعقد کی گئی۔حافظ فواد علی کو اس پروگرام میں شرکت کے لیے منتظمین کی جانب سے مسابقتی گرانٹ بھی دی گئی۔ ان کی اس بین الاقوامی تربیت کی کامیاب تکمیل ان کے علمی تحقیق کو آگے بڑھانے اور عالمی تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
پنجاب یونیورسٹی:ایسو سی ایٹ ڈگری کے داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع
پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس،سائنس ا ور کامرس پارٹ ون اور پارٹ ٹوسالانہ امتحانات 2026 اور بی اے (سماعت سے محروم امیدواروں کیلئے) سالانہ امتحان 2026ء کے آن لائن داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق امیدواراب 12 مارچ 2026 ء تک سنگل فیس کے ساتھ اپنے آن لائن داخلہ فارم جمع کرا سکتے ہیں۔یہ شیڈول ریگولر،لیٹ کالج،پرائیویٹ اورڈویژن کی بہتری کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں پر لاگو ہوگا۔واضح رہے کہ پارٹ ون میں داخلے صرف ان امیدواروں کے لیے کھلے ہیں جن کے سپلی پیپرزہیں اورجن کے پاس امتحان میں شرکت کے لیے مواقع موجود ہیں،نئے امیدواروں کو پارٹ ون میں امتحان دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔یہ شیڈول اُن امیدواروں کے لیے بھی ہے، جنہوں نے ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس/سائنس اور کامرس پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے ضمنی امتحان 2025 ء میں شرکت کی۔مزید برآں کوئی داخلہ فارم بذریعہ ڈاک یا دستی وصول نہیں کیا جائے گا اور تمام امیدواروں کو اپنے داخلہ فارم صرف آن لائن ہی جمع کرانا ہوں گے۔مزیدتفصیلات پنجاب یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.pu.edu.pkپر دیکھی جاسکتی ہیں۔