:پنجاب یونیورسٹی میں وفاقی حکومت کے عوامی و نوجوان دوست اقدامات، تعلیمی سہولیات اور حالیہ ریلیف پروگراموں سے متعلق آگاہی سیمینار منعقد ہوا،
جامعات نوجوانوں کو قومی ترقی کے مواقع اور حکومتی سہولیات سے جوڑنے کا اہم ذریعہ ہیں، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی
لاہور(29ستمبر،منگل):پنجاب یونیورسٹی میں وفاقی حکومت کے عوامی و نوجوان دوست اقدامات، تعلیمی سہولیات اور حالیہ ریلیف پروگراموں سے متعلق آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس میں رکن قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رابعہ نسیم فاروقی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ پنجاب یونیورسٹی شعبہ امور طلبہ کے زیر اہتمام الرازی ہال میں منعقدہ سیمینار کا مقصد طلبہ کو ان حکومتی پروگراموں اور سہولیات سے آگاہ کرنا تھا جو نوجوانوں، طلبہ اور عام شہریوں کو تعلیم، ٹیکنالوجی اور معاشی ریلیف کے شعبوں میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ تقریب نے حکومت اور جامعہ کے درمیان اس بامعنی رابطے کو بھی اجاگر کیا جس کے ذریعے قومی پالیسیوں اور عوامی فلاح کے پروگراموں کے بارے میں نوجوانوں تک براہِ راست اور مستند معلومات پہنچائی جا سکتی ہیں۔اس موقع پر وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، پرو وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمود سلیم، ڈائریکٹر شعبہ امور طلبہ پروفیسر ڈاکٹر شاہزیب خان، سینئر یونیورسٹی افسران، فیکلٹی ممبران اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رابعہ نسیم فاروقی نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، ٹیکنالوجی اور معاشی مواقع تک بہتر رسائی فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال اور عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے پیدا ہونے والے معاشی دباؤ کے تناظر میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر خصوصی فیول ریلیف پروگرام متعارف کرایا گیا تاکہ بالخصوص موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری کسی بھی ملک کے پائیدار مستقبل کی بنیاد ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم، تعلیمی مواقع میں اضافے اور کم وسائل رکھنے والے باصلاحیت طلبہ کے لیے اقدامات کا ذکر کیا۔ انہوں نے دانش سکولوں کے تعلیمی ماڈل اور اس کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی حکومتی کوششوں کا بھی حوالہ دیا۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی ادارے نوجوان نسل کو قومی ترقی کے عمل سے جوڑنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں تعلیمی و انتظامی اصلاحات اور طلبہ کے لیے سہولیات میں اضافے کے حوالے سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی قدیم اور نمایاں جامعات میں شامل پنجاب یونیورسٹی کا قومی تعلیمی ترقی میں کردار غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا فروغ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ترجیحات میں شامل ہے اور جامعات کی ذمہ داری ہے کہ طلبہ کو دستیاب تعلیمی، مالی اور تکنیکی مواقع کے بارے میں مؤثر آگاہی فراہم کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں ایسی تعلیم، مہارتیں اور مواقع فراہم کرنا ضروری ہے جو انہیں اپنے ملک میں رہتے ہوئے باوقار اور روشن مستقبل تعمیر کرنے کے قابل بنائیں۔انہوں نے کہا کہ برسوں قبل شروع ہونے والی لیپ ٹاپ سکیم کے ثمرات آج ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل لرننگ اور مصنوعی ذہانت کے دور میں مزید نمایاں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہونہار سکالرشپ پروگرام کو اعلیٰ تعلیم تک رسائی بڑھانے کے حوالے سے ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام باصلاحیت نوجوانوں کو محض مالی معاونت ہی فراہم نہیں کرتے بلکہ ان کے تعلیمی امکانات کو بھی وسیع کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم اور ترقی پر بروقت سرمایہ کاری دراصل پاکستان کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے طلبہ اور نوجوانوں کے لیے تعلیمی مواقع پیدا کرنے اور حکومتی پروگراموں کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے سلسلے میں پارلیمانی سیکریٹری رابعہ نسیم فاروقی کی کوششوں کو سراہا۔سیمینار میں اس امر پر زور دیا گیا کہ جامعات، حکومت اور نوجوانوں کے درمیان مؤثر رابطہ نہ صرف طلبہ کو دستیاب قومی و صوبائی سہولیات سے مستفید ہونے میں مدد دیتا ہے بلکہ نوجوانوں کو باخبر، بااختیار اور قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے بھی تیار کرتا ہے.
See less