بین الاقوامی سائنس اولمپیاڈز 2026ء: پاکستانی طلبہ کی نمایاں کامیابیاں، ایک سلور اور چھ برونز میڈلز سمیت متعدد اعزازات حاصل….ایچ ای سی کے زیر اہتمام تقریب میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کی پذیرائی؛ مصنوعی ذہانت کے عالمی اولمپیاڈ میں پاکستان کی پہلی باضابطہ شرکت بھی ایک اہم سنگِ میل قرار
پاکستانی طلبہ نے 2026ء کے بین الاقوامی سائنس اولمپیاڈز (International Science Olympiads) میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ اس سلسلے میں STEM کیریئرز پروگرام کے تحت ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں کامیاب طلبہ کی علمی و سائنسی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازات اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر تھے، جبکہ ریکٹر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (PIEAS) ڈاکٹر انیلہ عثمان، پرو ریکٹر ڈاکٹر جمیل احمد، ایچ ای سی کے سینئر حکام، اساتذہ اور طلبہ نے بھی شرکت کی۔
سال 2026ء میں پاکستان کے 23 طلبہ نے حیاتیات، کیمیا، طبیعیات، ریاضی اور مصنوعی ذہانت کے بین الاقوامی اولمپیاڈز میں حصہ لیا اور مجموعی طور پر ایک سلور میڈل، چھ برونز میڈلز، پانچ اعزازی تذکروں (Honourable Mentions)، ایک سرٹیفکیٹ آف میرٹ اور ایک سرٹیفکیٹ آف ریکگنیشن سمیت متعدد اعزازات حاصل کیے۔
حیاتیات اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں اہم پیش رفت
بین الاقوامی حیاتیات اولمپیاڈ (International Biology Olympiad) میں حسن عاطف چیمہ نے سلور میڈل حاصل کرکے پاکستان کے لیے نمایاں کامیابی رقم کی۔ دوسری جانب پاکستان نے پہلی مرتبہ انٹرنیشنل اولمپیاڈ اِن آرٹیفیشل انٹیلی جنس (IOAI) میں باضابطہ طور پر شرکت کی، جسے ملک میں سائنسی تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔تقریب کے دوران چیئرمین ایچ ای سی نے کامیاب طلبہ میں نقد انعامات اور اسناد تقسیم کیں اور ان کی کامیابی میں والدین، اساتذہ اور رہنماؤں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص PIEAS، کامسیٹس یونیورسٹی لاہور، NIBGE-C اور جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز (ICCBS) کے اساتذہ اور مینٹورز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
