اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کردہ چار ڈے کیئر سینٹرز مختلف کیمپسز میں فعال کر دیئے گئے ہیں
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کردہ چار ڈے کیئر سینٹرز مختلف کیمپسز میں فعال کر دیئے گئے ہیں ۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورپروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کے ہمراہ آج خواجہ فرید کیمپس میں ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پرفوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اور پروفیسرڈاکٹر آصف نوید رانجھا ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز نے یونیورسٹی میں ڈے کیئر سینٹرز کے فعال ہونے سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔ کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ان ڈے کیئر سینٹرز کے لیے بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کا تربیت یافتہ سٹاف ان ڈے کیئر سینٹرز پر تعینات کیا جائے۔ کمشنر بہاولپور نے ریسکیو 1122 کو بھی ہدایت کی کہ وہ ان ڈے کیئر سینٹرز کی سیفٹی کے لحاظ سے اقدامات کرے۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف فارمیسی و فیکلٹی آف میڈیسن اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر قیصر جبیں نے کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا کو خواجہ فرید کیمپس میں تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ کمشنر بہاولپور نے وائس چانسلر کے ہمراہ ڈے کیئر سینٹرز کے قیام میں فعال کردار ادا کرنے والے فیکلٹی اور سٹاف ممبران میں توصیفی اسناد بھی تقسیم کیں۔اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹر محمد رافع، پروفیسر ڈاکٹر محمد اسداللہ مدنی، پروفیسر ڈاکٹررئیس اختر اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈویژن کا یونیورسٹی کالج آف نرسنگ اور آئی یو بی اینٹی نارکوٹکس اینڈ ہیلتھ کیئر سوسائٹی کے اشتراک سے ہیپاٹائٹس کے بارے میں ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈویژن نے یونیورسٹی کالج آف نرسنگ اور آئی یو بی اینٹی نارکوٹکس اینڈ ہیلتھ کیئر سوسائٹی کے اشتراک سے ہیپاٹائٹس کے بارے میں ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا، جس کا مقصد طلبہ اور شرکاء کو اس بیماری کی روک تھام، بروقت تشخیص اور علاج کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔ پروفیسر ڈاکٹر قاضی مسرور علی نے ہیپاٹائٹس پر ایک معلوماتی اور جامع لیکچر دیا۔ انہوں نے ہیپاٹائٹس کی وجوہات، علامات، پھیلاؤ کے ذرائع اور احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بروقت تشخیص، مناسب طبی مشورہ اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانا انتہائی ضروری ہے۔ فیکلٹی آف فارمیسی اور فیکلٹی آف میڈیسن اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کی ڈین، پروفیسر ڈاکٹر قیصر جبین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیپاٹائٹس کی روک تھام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں صحت سے متعلق تعلیم اور آگاہی کی اہمیت پر زور دیا اور شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی روزمرہ کی زندگی میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ سیمینار میں چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد عثمان چیمہ، پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ملیحہ اعجاز، یونیورسٹی کالج آف نرسنگ کے پرنسپل ڈاکٹر فرحان مختار کے علاوہ فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔






